Urdu News

پاکستانی کرکٹر دانش کنیریا کوروہت شرما کے ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں ڈبل سنچری لگانے کی توقع

پاکستانی کرکٹر دانش کنیریا اور روہت شرما

آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ (ڈبلیو ٹی سی) کا فائنل میچ ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے مابین ساوتھمپٹن میں 18 جون سے کھیلا جانا ہے۔ دنیا کی نگاہیں اس میچ پر ہیں۔ یہ پہلا موقع ہے جب ڈبلیو ٹی سی کا فائنل میچ کھیلا جائے گا۔ اس میچ کو لے کر کرکٹ کے کئی ماہرین اورسابق کھلاڑی اپنی اپنی رائے دے رہے ہیں اور اپنے اپنے حساب سے دونوں ٹیم اور ان کے کھلاڑیوں کا تجزیہ کر رہے ہیں۔ اسی دوران پاکستان کے سابق اسپنر دانش کنیریا کا بھی ٹیم انڈیا کے اوپنرروہت شرماکو لے کر بیان آیا ہے۔

پاکستان کے سابق لیگ اسپنر دانش کنیریا کا خیال ہے کہ اسٹار ہندوستانی بلے باز روہت شرما نیوزی لینڈ کے خلاف ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے فائنل میں ڈبل سنچری اسکور کریں گے۔ 34 سالہ روہت شرما ٹیسٹ میں دیر سے ہندوستان کے قابل اعتماد اوپنر بن گئے ہین اور توقع ہے کہ وہ ڈبلیو ٹی سی کے فائنل میں بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔

روہت شرما کو ٹیسٹ کرکٹ میں نئی زندگی ملی ہے جب انہوں نے 2019-20 میں جنوبی افریقہ اور بنگلہ دیش کے خلاف ہوم سیریز میں اوپننگ کی ۔ صرف پانچ ٹیسٹ میچوں میں روہت شرما نے 556 رن بنائے جس میں تین سنچریاں شامل ہیں۔

اپنے یوٹیوب چینل پر پوسٹ کردہ ایک ویڈیو میں دانش کنیریا نے بتایا ہے کہ کیوں ڈبلیو ٹی سی کے فائنل میں روہت شرما کپتان وراٹ کوہلی سے زیادہ اہم ہیں۔ کنیریا نے کہا ، ’اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ کوہلی الگ کلاس کے ہیں ، لیکن مجھے یقین ہے کہ تکنیکی طور پر روہت ان سے بہتر ہیں۔ کوہلی ایک سپر اسٹارہیں ، لیجنڈ ہیں ، لیکن میرا خیال ہے کہ روہت شرما بڑے اسکور کرنے میں ماسٹر ہیں۔ خواہ کچھ وقت سے ایسا نہیں ہوا ہے لیکن میراخیال ہے کہ ہر بڑاکھلاڑی بڑے میچوں میں بڑا اسکور بنانا چاہتا ہے۔ میرے خیال میں روہت شرما ڈبل سنچری بنانا چاہیں گے“۔

کنیریا نے کہا ،’روہت شرما کوساوتھمپٹن وکٹ پسند آئے گا اور مجھے یقین ہے کہ وہ کلیدی کھلاڑی ہوں گے۔ یہ ضروری ہے کہ وہ رن بنائیں کیونکہ وہ ایسے بلے باز ہیں۔ وہ آسٹریلیا میں بڑا اسکور نہیں کرسکے ، لیکن اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ وہ ایسا نہیں کرسکتے۔ روہت شرما ہندوستانی بیٹنگ کے اہم کھلاڑی ہوں گے“۔

واضح ہو کہ اس سے قبل پاکستان کے سابق کرکٹر دانش کنیریا نے بتایا تھا کہ اس فائنل میچ میں کون سا کھلاڑی ہندوستان کے لئے سب سے اہم کارکردگی کا مظاہرہ کرسکتا ہے۔ دانش نے تب وراٹ کوہلی ، روہت شرما ، جسپریت بمراہ یا چیتیشور پجارا جیسے نامور کرکٹرز کا نام نہیں لیا ، بلکہ آل راونڈر رویندر جڈیجا کا نام لیا تھا۔

کنیریا نے یوٹیوب چینل پر کہا تھا، ’میرے خیال میں گیندبازسب سے اہم کردار ادا کرتے ہیں ، اس سے قطع نظر کہ آپ کسی بھی فارمیٹ میں کھیل رہے ہوں۔ اگر وہ وکٹیں لیں گے تو ان کی ٹیم میچ جیت جائے گی۔ اگر ہم رویندر جڈیجا کے بارے میں بات کریں تو وہ ٹرپل ڈائمنشن والے کھلاڑی ہیں۔ وہ ایسے کھلاڑی ہیںجن کو آپ باہر نہیں بیٹھا سکتے ہیں۔ ان کو پلےئنگ الیون میں کھیلنا ہی چاہئے۔ وہ اہم موقعہ پر اہم وکٹیںدلائیں گی۔ وہ آپ کو لوئر آرڈر میں رن بناکر دیں گے۔ اس کے علاوہ وہ فیلڈنگ کے دوران ٹیم کے لیے کچھ زبردست رن آؤٹ بھی کریں گے۔ میرے خیال میں وہ ہندوستان کے فائنل میں ایک قابل قدر کھلاڑی ہوں گے‘۔

Recommended