ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 19 نومبر کو رانچی کے جے ایس سی اے گراونڈ میں ہونے والے ٹی 20 میچ کے دوران 100 فیصد تماشائیوں کی اجازت دینے کے خلاف جمعرات کے روز ہائی کورٹ میں ایک مفاد عامہ کی عرضی دائر کی گئی ہے۔ ہائی کورٹ کے وکیل دھیرج کمار نے یہ عرضی دائر کی ہے۔
وکیل نے جھارکھنڈ کے چیف سکریٹری، ڈیزاسٹر مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر اور جھارکھنڈ کرکٹ ایسوسی ایشن کو فریق بنایا ہے۔ ایڈوکیٹ دھیرج کمار نے بتایا کہ جھارکھنڈ کرکٹ ایسوسی ایشن 100 فیصد شائقین کے ساتھ اسٹیڈیم میں میچ منعقد کر کے لوگوں کی صحت سے کھیل رہی ہے۔ حکومت کی طرف سے کووڈ سے متعلق جاری کردہ ایس او پی کی مکمل خلاف ورزی کی جا رہی ہے۔ مندروں، عدالتوں سمیت تمام عوامی مقامات اور کام کی جگہوں پر صرف 50 فیصد گنجائش کے ساتھ کام شروع کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔ پھریہاں پر 100 فیصد پوری گنجائشکے ساتھ 40 ہزار تماشائیوں کے ساتھ میچ دکھائے جانے کی اجازت کس بنیاد پر دی گئی؟ وکیل نے عدالت میں درخواست کی جلد سماعت کے لیے خصوصی استدعا کی ہے۔