Urdu News

وزیراعظم نریندر مودی نے 44ویں شطرنج اولمپیاڈ کا افتتاح کیا

وزیراعظم نریندر مودی نے 44ویں شطرنج اولمپیاڈ کا افتتاح کیا

وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو چنئی کے جواہر لال نہرو (جے ایل این) انڈور اسٹیڈیم میں 44ویں شطرنج اولمپیاڈ کا افتتاح کیا۔ اس باوقار مقابلے کی میزبانی پہلی بار ہندوستان اور ایشیا میں 30 سال بعد ہو رہی ہے۔

ہندوستان کے عظیم شطرنج کھلاڑی اور پانچ بار کے عالمی چیمپئن وشوناتھن آنند نے شطرنج اولمپیاڈ کی مشعل وزیر اعظم نریندر مودی اور تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن کو سونپی۔ اس کے بعد مشعل نوجوان گرینڈ ماسٹر آر پرگیانند اور دیگر کو اسٹیڈیم میں سونپی گئی۔

نوجوانوں کے امور اور کھیل کے مرکزی وزیر انوراگ سنگھ ٹھاکر نے اپنے خطاب میں کہا کہ شطرنج کی ابتدا ہندوستان میں ہوئی تھی۔ ٹھیک ایک مہینہ پہلے، ہم نے دہلی میں پہلی بار مشعل ریلے کا جشن منایا۔ شطرنج کا ٹورنامنٹ آج سے شروع ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں کھیل دن بدن مضبوط ہو رہے ہیں۔

تمل ناڈو کے گورنر آر این روی، اطلاعات و نشریات کے وزیر مملکت ڈاکٹر ایل مروگن، تمل ناڈو کے وزیر کھیل مایا ناتھن وغیرہ موجود تھے۔

وزیر اعظم نے اس سال 19 جون کو نئی دہلی کے اندرا گاندھی نیشنل اسٹیڈیم میں پہلی شطرنج اولمپیاڈ مشعل ریلے کا بھی آغاز کیا۔ یہ مشعل 40 دنوں کی مدت میں تقریباً 20 ہزار کلومیٹر کا فاصلہ طے کرتے ہوئیملک کے 75 تاریخی مقامات سے گزری اورفیڈے  ہیڈ کوارٹر، سوئٹزرلینڈ میں جانے سے پہلے مہابلی پورم میں اختتام پذیر ہو رہی ہے۔

44 واں شطرنج اولمپیاڈ 28 جولائی سے 10 اگست تک چنئی کے ماملا پورم (مہابلی پورم) میں منعقد ہو رہی ہے۔ 1927 سے منعقد ہونے والے اس باوقار ٹورنامنٹ کی میزبانی پہلی بار ہندوستان میں اور 30سال بعد ایشیا میں ہو رہی ہے۔ 187 ممالک کی شرکت داری میں، یہ کسی بھی شطرنج اولمپیاڈ میں سب سے بڑی شراکت داری ہوگی۔ بھارت اس ٹورنامنٹ میں اپنا اب تک کا سب سے بڑا دستہ  اتار رہا ہے جس میں 6 ٹیموں کے 30 کھلاڑی شامل ہیں۔

Recommended