Urdu News

ریلوے خطاب برقرار رکھنے کے لئے ویٹ لفٹنگ کی قومی چیمپئن شپ میں حصہ لے گی

ہندوستانی ریلوے ملک کی سب سے بڑی تنظیموں میں سے ایک ہے

 

سینئر نیشنل ویٹ لفٹنگ چیمپئن شپ (مرد اور خواتین) – 2022-2021  کا انعقاد  19.03.2022 سے 31.03.2022 تک بھونیشور (اڈیشہ) میں ہو گا۔ ریلوے اسپورٹس پروموشن بورڈ (آر ایس پی بی) جو انڈین ریلویز (آئی آر) کی اسپورٹس آرم ہے، اس چمپئن شپ میں ہندوستانی ریلوے سے ایک مضبوط دستہ بھیجے گی۔ ہندوستانی ریلوے کی مردوں کی ٹیم گزشتہ 04 برسوں  سے لگاتار قومی ویٹ لفٹنگ چیمپئن شپ میں فاتح  چلی آ رہی ہے۔ اور ریلوے کی خواتین پر مشتمل ٹیم پچھلی 02 نیشنل چیمپئن شپ مقابلوں میں فاتح رہی۔

اس بات سے سب واقف ہیں کہ ہندوستانی ریلوے ملک کی سب سے بڑی تنظیموں میں سے ایک ہے جو کھلاڑیوں کو روزگار فراہم کرتی ہے اور ریلوے اسپورٹس پروموشن بورڈاس کی کھیلوں کے فروغ کی سرگرمیوں کے ایک حصے کے طور پر اور "جہاں کھیل واہاں ریل" کے مقصد سے کھیلوں کا بنیادی ڈھانچہ تیار کرتا ہے۔ یہ کام عالمی معیار کی تربیت اور سہولیات فراہم کرنے کے لئے نہ صرف ہندستانی ریلوے کے کھلاڑیوں بلکہ ملک کے دیگر کھلاڑیوں کیلئے بھی کیا جاتا ہے تاکہ ان کےکھیلوں کی مہارت کو بہتر بنایا اور ان کی صلاحیتوں کو نکھارا جا سکے۔ تقریباً 10000 کھیلوں سے وابستہ ملازمین بشمول  تقریباً 3000 فعال طور پر کھیلوں کی سرگرمیوں میں شریک ملازمین کے ساتھ ہندوستانی ریلوے ملک میں مرد اور خواتین کھلاڑیوں کو روزگار فراہم کرنے والی سب سے بڑی تنظیم ہے۔

یہ بات بھی ریکارڈ میں شامل ہے کہ ہندوستانی ریلوے کے کھلاڑیوں نے بین الاقوامی پلیٹ فارموں پر ملک کا نام روشن کرنے میں بہترین کردار ادا کیا ہے۔ کامن ویلتھ گیمز ہوں، ایشین گیمز ہوں یا اولمپکس، ہندوستان کی کارکردگی میں ہندوستانی ریلوے کے کھلاڑیوں کا ایک بڑا حصہ ہے۔

ہندوستانی ریلوے نے محترمہ ایس میرا بائی چانو، جنہوں نے ٹوکیو اولمپکس 2020 میں ملک کے لئے چاندی کا تمغہ جیتا اور اولمپکس میں چاندی کا تمغہ جیتنے والی ہندوستان کے اولین ویٹ لفٹر بن گئیں، ارجن ایوارڈیافتہ جناب ستیش شیولنگم، محترمہ رینو بالا، محترمہ سنجیتا چانو جیسے بہت سے دوسرے اسٹار ویٹ لفٹر دئیے ہیں۔

Recommended