Urdu News

کابل حملے کے بعد سامنے آیاراشد خان کا درد، برائے مہربانی افغانیوں کو مارنا بند کریں

افغانستان کے اسٹار کرکٹر راشد خان

افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ہونے والے سلسلہ وار دھماکوں میں سو سے زائد افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ ادھر افغانستان کے اسٹار کرکٹر راشد خان نے ایک ٹویٹ میں اس واقعے پر اپنا رد عمل ظاہر کیا ہے جو کہ بہت وائرل ہو رہا ہے۔ راشد خان نے ایک بار پھر لکھا کہ کابل کا خون بہایا گیا ہے، براہ کرم افغانیوں کو مارنا بند کریں۔ افغانستان پر طالبان کا قبضہ ہے اور تب سے اس ملک میں ہنگامہ آرائی جاری ہے اور افغانستان کے مستقبل پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔ راشد کو حال ہی میں انگلینڈ میں دی ہنڈریڈ ٹورنامنٹ میں کھیلتے ہوئے دیکھا گیا تھا، اس دوران انہوں نے ایک میچ کے دوران اپنے چہرے کے دونوں جانب افغانستان کا جھنڈا بنایا تھا۔

راشد نے افغانستان کی صورت حال کے بارے میں بہت ٹویٹ کیا ہے۔ یہاں تک کہ جب طالبان نے افغانستان کا کنٹرول سنبھالنا شروع کیا، راشد نے ٹوئٹر کے ذریعے دنیا کے طاقتور رہنماؤں سے اپیل کی تھی کہ وہ اس صورت حال میں افغانستان نہ چھوڑیں۔ راشد انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں سن رائزرس حیدرآباد کی طرف سے کھیلتے ہیں اور آئی پی ایل 2021 کے دوسرے مرحلے میں کھیلتے نظر آئیں گے۔ دی ہنڈریڈ ٹورنامنٹ کے دوران بھی راشد افغانستان کی صورت حال پر بہت پریشان تھے۔ انگلینڈ کے سابق کرکٹر کیون پیٹرسن نے بتایا تھا کہ راشد اپنے خاندان کے بارے میں بہت پریشان ہیں۔

طالبان کے قبضے کے بعد ٹی 20 ورلڈ کپ میں افغانستان کی شرکت کے بارے میں بھی سوال اٹھے تھے، لیکن انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے تصدیق کی کہ افغانستان اس ٹورنامنٹ میں حصہ لے گا۔ جمعرات کو افغانستان میں کابل ایئر پورٹ کے قریب ایک سلسلہ وار دھماکے میں سو سے زیادہ افراد ہلاک ہو گئے ۔ ان دھماکوں میں 13 امریکی فوجی بھی  ہلاک ہوئے ہیں۔ خودکش دھماکوں اور فائرنگ سے مرنے والوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔ فی الحال، داعش-کے نے ان حملوں کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ امریکی صدر بائیڈن نے دہشت گردوں کو سنگین نتائج سے خبردار کیا ہے۔

Recommended