Urdu News

روس- بیلاروس کے ایتھلیٹوں کے بیجنگ سرمائی پیرالمپکس میں حصہ لینے پر پابندی

روس- بیلاروس کے ایتھلیٹوں کے بیجنگ سرمائی پیرالمپکس میں حصہ لینے پر پابندی

نئی دہلی، 3 مارچ (انڈیا نیرٹیو)

روس – بیلاروس کے ایتھلیٹس پر 2022 کے بیجنگ سرمائی پیرا اولمپکس میں حصہ لینے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ انٹرنیشنل پیرا اولمپک کمیٹی (ا?ئی پی سی) نے جمعرات کو یہ فیصلہ لیتے ہوئے اس کا اعلان کیا۔

آئی پی سی نے اس سے پہلے کہا تھا کہ ان کھیلوں میں روسی اور بیلاروسی کھلاڑیوں کو غیر جانبدار کھلاڑیوں کے طور پر شرکت کی اجازت دی جائے گی، جس میں وہ اپنے ملک کے نام اورپرچم کا استعمال نہیں کر سکتے تھے۔ حالانکہ اب آئی پی سی نے اپنا فیصلہ تبدیل کرتے ہوئے جمعرات کو کہا کہ روسی اور بیلاروسی کھلاڑیوں پر یوکرین کے واقعہ کے بعد سرمائی پیرا اولمپک گیمز سے پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

آئی پی سی نے ایک بیان میں کہا کہ خصوصی طور پر بلائی گئی میٹنگ کے بعد، آئی پی سی گورننگ بورڈ نے بیجنگ 2022  پیرالمپکس سرمائی کھیلوں میں روس اور بیلاروس کے ایتھلیٹس کے اندراج کو مسترد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ ان متعلقہ ممالک کے پیرا ایتھلٹوں کو اب 4 مارچ 2022 سے شروع ہونے والے کھیلوں میں شرکت کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

آئی پی سی نے یہ بھی کہا کہ بہت سے کھلاڑی روس یا بیلاروس کے خلاف مقابلہ کرنے سے انکار کر دیں گے، جس سے پیرا اولمپکس میں مشکل صورتحال پیدا ہو گی اور اس کے وقار کو نقصان پہنچے گا۔

آئی پی سی اس فیصلے کے بعد فٹ بال، ٹریک اینڈ فیلڈ، باسکٹ بال، ہاکی اور دیگر کھیلوں میں شامل ہوگیا ہے جنہوں نے روس اور بیلاروس کے کھلاڑیوں پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ روس کا 71 رکنی ٹیم کھیلوں  میں حصہ لینے کے لیے پہلے سے ہی بیجنگ میں موجود ہے۔

Recommended