ہندوستان کی اسٹار خاتون ٹینس کھلاڑی ثانیہ مرزا نے بدھ کے روز کہا کہ 2022 کا سیزن ان کا آخری سیزن ہوگا۔ ثانیہ نے چھ گرینڈ سلیم جیتے ہیں اور وہ ڈبلیو ٹی اے ڈبلس رینکنگ میں ٹاپ پر بھی پہنچیں ہیں۔ وہ 2007 کے وسط میں دنیا میں 27 ویں نمبر پر تھیں، جس نے انہیں ہندوستان کی اب تک کی سب سے زیادہ رینک والی خاتون کھلاڑی بنا دیا۔
ثانیہ نے موجودہ آسٹریلین اوپن کے ویمنس ڈبلس ایونٹ میں اپنے ابتدائی راونڈ میں ہارنے کے بعد اپنے ریٹائرمنٹ کے منصوبوں کا اعلان کیا۔اپنے میچ کے بعد 35 سالہ ثانیہ نے کہا ”اس کی چند وجوہات ہیں، میں اپنے 3 سالہ بیٹے کو اس کے ساتھ اتنا سفر کرکے خطرے میں ڈال رہی ہوں، یہ کچھ ایساہے جسے مجھے ذہن میں رکھنا ہے۔ مجھے لگتا ہے کہ اب میرا جسم پہلے جیسا نہیں رہا۔ آج میرے گھٹنے میں بہت زیادہ درد کررہا تھا اور میں یہ نہیں کہہ رہی کہ اس کی وجہ ہم ہار گئے لیکن مجھے لگتا ہے جیسے جیسے میری عمر بڑھ رہی ہے، میری چوٹوں کو ٹھیک ہونے میں وقت لگتا ہے“۔
انہوں نے کہا، ”میں نے فیصلہ کیا ہے کہ یہ میرا آخری سیزن ہوگا، میں ہفتے در ہفتے تیاری کر رہی ہوں، لیکن مجھے یقین نہیں ہے کہ میں سیزن تک رہ پاوں گی یا نہیں، لیکن مجھے رہنا ہے“۔
انہوں نے کہا،”میں نے واپس آنے، فٹ ہونے، وزن کم کرنے اور نئی ماؤں کے لیے ایک اچھی مثال قائم کرنے کی کوشش کی ہے تاکہ وہ اپنے خوابوں کو پورا کرسکیں۔ اس سیزن کے بعد مجھے نہیں لگتا کہ میرا جسم مزید کھیلنے کی اجازت دے گا“۔