Urdu News

شیکھر دھون کو سری لنکا کے دورے پررنز بنانے پر توجہ دینی چاہیے: لکشمن

شیکھر دھون

ممبئی، 5 جولائی (انڈیا نیرٹیو)

ہندوستان کے سابق بلے باز وی وی ایس لکشمن نے کہا ہے کہ شیکھر دھون کی توجہ آنے والے سری لنکا کے دورے پررنز بنانے پر مرکوز ہونی چاہیے تاکہ وہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے لیے ٹیم میں جگہ بنائیں۔

سری لنکا اورہندوستان کا مقابلہ 13 جولائی سے شروع ہونے والے تین ون ڈے اور تین ٹی ٹونٹی میچوں میں ہوگا۔ بھونیشور کمار کو ٹیم کا نائب کپتان بنایا گیا ہے، جب کہ دھون ٹیم کی قیادت کریں گے۔ ٹیم کے کوچ ہندوستان کے سابق کپتان راہول ڈراوڈ ہوں گے۔لکشمن نے کہا کہ دھون شاید ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں لیکن ٹی 20 ورلڈ کپ اسکواڈ میں ابتدائی جگہ کے لیے سخت مقابلے کے پیش نظر، انہیں سری لنکا سیریز میں رنز بنانا ہوں گے۔لکشمن نے اسٹار اسپورٹس کے شو گیم پلان پر کہا’سب سے پہلے، مجھے لگتا ہے کہ انھیں ہندوستانی ٹیم، خاص طور پر وائٹ بال کرکٹ میں مسلسل کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر نوازا جارہا ہے۔ اور وہ اس ٹیم میں سب سے تجربہ کار کھلاڑی ہیں۔

لکشمن نے مزید کہا ’لیکن شیکھر دھون کیلئے بہت واضح ہے کہ انہیں اس موقع سے فائدہ اٹھانا ہے۔ خاص طور پر ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کو مدنظر رکھتے ہوئے، بہت سخت مقابلہ ہے۔ وہاں روہت شرما اور کے ایل راہل ہیں، جو اوپنر ہیں۔ ویرات کوہلی نے بہت صاف طور پرکہا کہ وہ ٹی ٹونٹی فارمیٹ میں اوپن کرنا چاہتے ہیں، لہذا، شیکھر دھون کو بھی رنز میں شامل ہونا ہے۔  جب وہ ہندوستانی ٹیم کا کپتان بننے کے لیے پرجوش ہیں لیکن ان کی توجہ رنز پر مرکوز رہنی چاہیے۔

سری لنکا کے دورے پر دھون کے لیے خود کو ثابت کرنے کا بہترین موقع: عرفان پٹھان

ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق آل راؤنڈر عرفان پٹھان کے خیال میں اوپنر شیکھر دھون کو دورہ سری لنکا کے دوران خود کو ثابت کرنے کا ایک بہت اچھا موقع ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اوپنر اپنے کیریئر میں پہلی بار ٹیم کی قیادت کرنے کے لئے پرجوش ہوں گے۔

پٹھان نے اسٹار اسپورٹس کے شو گیم پلان پر کہا ’دھون ایک بہت ہی خوش مزاج شخص ہیں۔ جب بھی آپ ان سے ملتے ہیں، وہ ہمیشہ ہنستے رہتے ہیں، وہ بہت ہی خوش مزاج ہیں۔ نوجوان ان کے  آس پاس بہت آرام سے رہیں گے اور مجھے لگتا ہے کہ بحیثیت کپتان، دھون کے پاس خود کو ثابت کرنے کا ایک بہت بڑا موقع ہے۔

پٹھان نے مزید کہا’آخری بار جب دھون آئی پی ایل کی ٹیم کی قیادت کر رہے تھے تون کے لئے یہ کوئی بہت ہی کارآمد قدم نہیں تھا، لیکن یہکئی سال پہلے تھا۔ اس لئے، اگر کوئی سینئر شخص کچھ کرنا چاہتا ہے تو اسے خود ہی کرنا پڑے گا۔

انہوں نے مزید کہا ’اس لئے وہ قیادت کرنے میں واقعی پرجوش ہوں گے، لیکن اسی کے ساتھ، وہ نہ صرف کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے خواہاں ہوں گے بلکہ اپنے تجربے کو تمام نوجوانوں کے ساتھ بھی شیئر کرنے کے خواہاں ہوں گے۔

وائٹ بال اسکواڈ میں سنجو سیمسن، ایشان کشن اور سوریا کمار یادو جیسے کھلاڑی بھی ہیں اور سری لنکا سیریز میں اور بھی بہت سارے نوجوان ہندوستان کی جانب سے اپنی ڈیبیو پر نگاہ ڈالے ہوئے ہیں۔

Recommended