پی ایس ایل ملتوی کرنے پر شعیب اختر ہوئے ناراض
لاہور،05مارچ(انڈیا نیرٹیو)
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق تیزگیندباز اور تجزیہ کار شعیب اختر نے پاکستان سپر لیگ کو ملتوی کرنے کے فیصلے پر سخت ردعمل دیا ہے۔شعیب اختر نے سوشل میڈیا اکاونٹس پر وڈیو پیغام میں سخت ناراضی اور غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جنہوں نے ٹیپ بال کرکٹ نہیں کروائی، وہ پی ایس ایل کروا رہے ہیں۔ میں بہت زیادہ غصے میں ہوں کہ پی ایس ایل رکا اور خراب ہوا۔
شعیب اختر نے اپنے ردعمل میں کہا کہ ہم دنیا کو کیا پیغام بھیج رہے ہیں، میں چاہتا ہوں اس معاملے کی معزز لوگ تحقیقات کریں اور اسے بورڈ نہیں بلکہ حکومتی سطح پر دیکھا جائے۔واضح ہے کہ کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے باعث پی ایس ایل کا چھٹا ایڈیشن ملتوی کردیا گیا ہے۔
شعیب اختر کیرون پولارڈ کے دیوانے ہو گئے
ویسٹ انڈیز کے کیرون پولارڈ نے انٹرنیشنل کرکٹ میں ایک اوور میں لگاتار 6 چھکے لگا کے دنیا بھر کے شائقین کرکٹ کو اپنا مداح بنا لیا تھا تاہم اب پولارڈ کے مداحوں کی فہرست میں اسپیڈ اسٹار شعیب اختر کا بھی اضافہ ہوگیا ہے۔شعیب اختر نے ٹوئٹر پر کیرون پولارڈ کو ٹیگ کرتے ہوئے شاندار اننگز کی مبارکباد دی اور دنیائے کرکٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا۔
سابق تیزگیندباز نے کہا کہ کیرون پولارڈ کی اننگز دیکھ کر مزہ آگیا، شائقین کرکٹ نے بھی کیرون پولارڈ کی اننگز کو خوب انجوائے کیا ہے۔خیال رہے کہ ویسٹ انڈیز کے جارح مزاج آل راونڈر کیرون پولارڈ نے سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میچ میں ایک ہی اوور میں 6 چھکے مار کر شائقین کرکٹ کے دل جیت لیے ہیں۔
کیرون پولارڈ یہ کارنامہ سر انجام دینے والے تیسرے کھلاڑی ہیں۔ویسٹ انڈیز کے جارح مزاج بلے باز کیرون پولارڈ سے قبل جنوبی افریقہ کے ہرشل گبز اور بھارتی آل راؤنڈر یوراج سنگھ یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔