Urdu News

ڈیف لمپکس 2021 کے لیے بھارت کے 65 ایتھلیٹس پر مشتمل مضبوط دستے کے لیے الوداعیہ تقریب کا اہتمام

نوجوانوں کے امور اور کھیل کود کے مرکزی وزیر جناب انوراگ ٹھاکر

 نئی دہلی، 25 اپریل 2022:

یکم مئی سے شروع ہونے جا رہے کھیلوں سے قبل بھات کے ڈیف لمپکس دستے کے اعزاز میں ، پیر کے روز ایک پرجوش الوداعیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ نوجوانوں کے امور اور کھیل کود کے مرکزی وزیر جناب انوراگ ٹھاکر ، نوجوانوں کے امور اور کھیل کود کے وزیر مملکت جناب نِسیتھ پرمانِک اور دیگر معززین نے اس تقریب کو اپنی شرکت سے رونق بخشی۔

کاکسیاس دو سول ، برازیل میں منعقد ہونے والے کھیلوں میں مجموعی طور پر 65 ایتھلیٹس حصہ لیں گے ، اور اس طرح ڈیف لمپکس میں حصہ لینے والا یہ بھارت کا اب تک سب سے بڑا اور سب سے نوجوان دستہ ہوگا۔ وہ مجموعی طور پر کھیل کود کے 11 مقابلوں یعنی: ایتھلیٹکس، بیڈمنٹن، جوڈو، گولف، کراٹے، شوٹنگ، تیراکی، ٹینس، ٹیبل ٹینس، تائیکوانڈو اور کشتی، میں حصہ لیں گے۔ ان مقابلوں کا انعقاد یکم مئی سے 15 مئی تک کیا جائے گا۔

ایتھلیٹ دستے کو نیک ترین خواہشات سے نوازتے ہوئے، جناب انوراگ سنگھ ٹھاکر نے کہا کہ، ’’ملک میں ہر فرد کی جانب سے، میں نہ صرف آپ تمام لوگوں کو نیک ترین خواہشات پیش کرتا ہوں بلکہ میں یہ بھی کہنا چاہتا ہوں کہ آپ نےان  مقابلوں کے لیے منتخب ہوکر اپنی صلاحیتوں کا پہلے ہی لوہا منوالیا ہے۔ چونکہ یہ سب سے بڑا دستہ ہے، تو مجھے بھی یقین ہے کہ ہم برازیل سے سب سے زیادہ تمغات لے کر آئیں گے۔ خواہ اولمپکس ہوں، پیرالمپکس ہوں، یا ڈیف لمپکس، بھارت کھیل کود کی اگلی بڑی طاقت بن کر ابھرے گا۔ بھارت رکنے والا نہیں ہے۔ یہ  صدی ہماری ہے اور ہم کھیل کود کے تمام مقابلوں میں بھارت کا پرچم لہراتے رہیں گے۔‘‘

مرکزی وزیر نے آل انڈیا اسپورٹس کونسل فار دی ڈیف (اے آئی ایس سی ڈی) اور اسپورٹس اتھارٹی آف انڈیا کے ذریعہ ایتھلیٹوں کو فراہم کیے جانے والے تعاون کے بارے میں بھی بات کی۔ ’’اے آئی ایس سی ڈی اور ایس اے آئی ، دونوں نے  ایتھلیٹس کو زبردست تعاون فراہم کیا ہے۔ ڈیف لمپکس مقابلوں میں شرکت کرنے والے ایتھلیٹوں کے لیے ایس اے آئی مراکز پر ایک 30 روزہ قومی کوچنگ کیمپ کا اہتمام کیا گیا۔ اس کے ساتھ ساتھ، ایس اے آئی نے ایتھلیٹ حضرات کے لیے ہر طرح کے انتظامات کیے ، جن میں کٹس، ڈیف لمپکس کے لیے رسمی لباس، اور ان کے لیے رہائش ، قیام، بورڈنگ اور نقل و حمل کا انتظام، وغیرہ شامل ہیں۔ ‘‘

یہ دستہ ینگ انڈیا کو جو ترغیب فراہم کرسکتا ہے، اس کے بارے میں بات کر تے ہوئے، جناب نِسیتھ پرمانِک نے کہا، ’’ہم نے ملک کے کھیل کود کے ایکو نظام کو محترم وزیر اعظم جناب نریندر مودی اور ہمارے کھیل کود کے وزیر جناب انوراگ ٹھاکر کی تصوریت کے مطابق ترقی کرتے ہوئے دیکھا ہے ۔ ہمارے وزیر اعظم کے ذریعہ دیا گیا نعرہ ’چیرفار انڈیا‘ ایک کایہ پلٹ نعرے کے طور پر برقرار ہے۔ خواہ اولمپکس ہوں، پیرالمپکس ہوں یا ڈیف لمپکس، بھارت کھیل کود کے میدان میں شان و عظمت حاصل کرنے کے لیے تیار ہے۔‘‘

برازیل ڈیف لمپکس کے بارے میں بات کرتے ہوئے، انہوں نے کہا، ’’اس مرتبہ ہمارے پاس ڈیف لمپکس کے لیے سب سے بڑا دستہ ہے۔ آپ پہلے ہی ینگ انڈیا کے لیے  زبردست ترغیب کا باعث بن چکے ہو۔ آپ نے جس طرح تمام رکاوٹوں کو عبور کیا وہ قابل ذکر ہے۔  اس کے علاوہ، جو میں دیکھتا ہوں ، تمغات جیتنے کے تئیں آپ کا جذبہ اور توانائی، آپ کے برازیل روانہ ہونے سے قبل ہی نمایاں طور پر ظاہر ہو رہی ہے۔‘‘

بھارت نے 2017 میں ترکی میں منعقدہ گذشتہ ڈیف لمپکس کھیلوں میں46 کھلاڑیوں پر مشتمل ایک وفد کو روانہ کیا تھا، جس نے  ایک طلائی، ایک نقرئی اور 3 کانسہ کے تمغات سمیت 5 پانچ تمغات جیتے تھے۔

Recommended