Urdu News

سنگاپور اوپن 2022: وزیر کھیل انوراگ ٹھاکر سمیت متعدد اہم شخصیات نے سندھو کو جیت پر مبارکباد دی

ہندوستان کی اسٹار شٹلر پی وی سندھو

ہندوستان کی اسٹار شٹلر پی وی سندھو نے اپنا پہلا سنگاپور اوپن ٹائٹل جیت لیا ہے۔ یہ ان کا سال کا تیسرا ٹائٹل ہے۔ اتوار کو کھیلے گئے فائنل میچ میں اس نے چینی کھلاڑی وانگ زی یی کو 58 منٹ تک جاری رہنے والے سخت مقابلے میں 21-9، 11-21 اور 21-15 سے شکست دی۔

یہ سندھو کے کیریئر کا پہلا سنگاپور اوپن ٹائٹل ہے۔ اس شاندار فتح کے بعد انہیں مبارکباد دینے کا سلسلہ  شروع ہو گیا۔ ان کی شاندار کامیابی پر انہیں مبارکباد دیتے ہوئے،   وزیرکھیل انوراگ ٹھاکر نے لکھا، "پہلا سنگاپور اوپن ٹائٹل جیتنے پر مبارکباد۔ آپ زبردست فارم میں ہیں۔

سڑک اور ٹرانسپورٹ کے وزیر اور کھیل سے محبت کرنے والے نتن گڈکری نے بھی سندھو کو اس تاریخی جیت پر مبارکباد دی ہے۔جنگلات اور ماحولیات کے وزیر پرکاش جاوڈیکر نے انہیں ہندوستان کا سر فخر سے بلند کرنے پر مبارکباد دی ہے اور مستقبل میں اس طرح کی کارکردگی کو دہرانے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے بھی اس چمپئن کھلاڑی کو ٹویٹ کرکے مبارکباد دی ہے۔ اس کے علاوہ ہندوستان کے معروف صنعت کار آنند مہندرا نے بھی انہیں ٹوئٹ کے ذریعہ مبارکباد دی ہے۔ واضح رہے کہ یہ سندھو کا سال کا تیسرا ٹائٹل ہے۔ اس سال کے شروع میں انہوں نے سید مودی اور سوئس اوپن میں ہندوستان کا نام روشن کیا تھا۔ سندھو کے علاوہ سائنا نہوال اور ایچ ایس پرنئے نے بھی سنگاپور اوپن میں کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی لیکن یہ کھلاڑی کوارٹر فائنل سے آگے نہیں بڑھ سکے۔

Recommended