Urdu News

چوتھے ٹیسٹ میچ کو لے کر ٹیم انڈیا کے سلامی بلے باز روہت شرما کا بیان

ٹیم انڈیا کے سلامی بلے باز روہت شرما


چوتھے ٹیسٹ میچ کو لے کر ٹیم انڈیا کے سلامی بلے باز روہت شرما کا بیان

محض دودنوں میں ختم ہوئے ٹیم انڈیا اور انگلینڈ کے درمیان تیسرے ٹیسٹ میچ کے بعد احمدآباد کے نریندرمودی اسٹیڈیم کی پچ کو لے کر شروع ہوا تنازعہ ختم ہونے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ بھارتی کرکٹ ٹیم کے اوپنر روہت شرما نے احمد آباد پچ پر تنقید کرنے والوں کو طنز کا نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے انسٹاگرام پر ایک تصویر شیئر کی جس میں انھوں نے احمد آباد کی پچ پر اپنا رد عمل ظاہر کیا ہے۔

واضح ہو کہ ٹیم اور انگلینڈ کے مابین تیسرا ڈے نائٹ ٹیسٹ میچ محض دو دن میں ختم ہوگیاتھا۔ ٹیم انڈیا نے یہ میچ 10 وکٹوں سے جیت لیا۔ اس پچ پر دونوں ٹیموں کو بیٹنگ میںکافی دقتوں کا سامنا کرنا پڑا۔ کوئی بھی ٹیم 150 رن بنانے میں کامیاب نہیں رہی۔ اس پچ پر اسپنرس نے کافی وکٹیں حاصل کیں۔ یہاں تک کہ انگلینڈ کے کپتان جو روٹ نے 5 وکٹیں حاصل کیں۔ اسی کے ساتھ ہی اکشر پٹیل نے مجموعی طور پر 11 وکٹیں حاصل کیں۔

محض دودنوں میں 30وکٹیں گرنے کی وجہ سے کئی سابق اور موجودہ کھلاڑیوں نے اس پچ کو تنقیدکا نشانہ بنا یا تھا ۔ اس پر اب روہت شرما نے پریکٹس کے دوران ایک تصویر شیئر کی ہے اور کیپشن میں لکھا "میں اس سوچ میں ہو ں کہ چوتھے ٹیسٹ میچ کے لئے پچ کیسے رہے گی“؟؟۔

اس سے قبل روہت شرما نے احمد آباد پچ کو معمول کے مطابق قرار دیا تھا۔ انہوں نے کہاتھا کہ دونوں ٹیموں کے بلے بازوں نے غلطیاں کیں جس کی وجہ سے اس گراؤنڈ میں بڑا اسکور نہیں بن سکا۔

روہت شرما نے کہا تھا”اگر میں ایمانداری کے ساتھ کہوں تو 30 وکٹیں گریں،مجھے نہیں لگتا کہ اس میں پچ کا کوئی بڑا کردار ہے۔ خود بلے باز اچھی بلے بازی نہیں کرسکے ۔ ہماری ٹیم کی بیٹنگ بھی ناقص رہی۔ بیٹنگ یونٹکے طور پر ہم نے کچھ ایسے شاٹس کھیلے جو اس سطح پر قابل قبول نہیں ہیں۔ پچ بالکل ٹھیک تھی۔ یہ میرے لئے معمول کی طرح تھی۔ یہ بالکل ہندوستانی وکٹوں کی طرح تھی، جہاں پرگیند ٹرن ہوتی ہے“۔ظاہر ہے کہ روہت کا یہ ردعمل پچ کو لے کر اٹھے تنازعہ کو ختم کرنے کے لیے آیا ہے۔

Recommended