Urdu News

ٹی20 ورلڈ کپ 2022: بھارت کا پاکستان کے خلاف پہلا میچ

ٹی20 ورلڈ کپ 2022: بھارت کا پاکستان کے خلاف پہلا میچ

دبئی، 21 جنوری (انڈیا نیرٹیو)

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے جمعہ کو آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2022 کے شیڈول کا اعلان کر دیا۔ ہندوستانی ٹیم 23 اکتوبر کو میلبورن کرکٹ گراؤنڈ (ایم سی جی) میں ٹورنامنٹ کے اپنے افتتاحی میچ میں پاکستان کا مقابلہ کرے گی۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2022 آسٹریلیا میں 16 اکتوبر سے 13 نومبر تک ہونا ہے اور یہ سات مقامات پر کھیلا جائے گا: میلبورن، سڈنی، برسبین، ایڈیلیڈ، گیلونگ، ہوبارٹ اور پرتھ۔ ٹورنامنٹ میں کل 45 میچ کھیلے جائیں گے۔

پہلے راؤنڈ میں 2014 کی چمپئن سری لنکا اور نمیبیا اتوار 16 اکتوبر کو افتتاحی میچ میں آمنے سامنے ہوں گی۔ یہ دونوں ٹیمیں گروپ اے میں دو کوالیفائر ٹیموں کے ساتھ ہیں۔ دو مرتبہ کی چمپئن ویسٹ انڈیز کو اسکاٹ لینڈ اور دو کوالیفائر ٹیموں کے ساتھ گروپ بی میں رکھا گیا ہے۔

سپر 12 میں گروپ 1 میں آسٹریلیا، انگلینڈ، نیوزی لینڈ، افغانستان اور گروپ او کی فاتح اور گروپ بی کی رنر اپ ٹیم شامل ہے۔گروپ 2 میں بھارت، پاکستان، جنوبی افریقہ، بنگلہ دیش اور گروپ بی کی فاتح اور گروپ اے کی رنر اپ ٹیم  شامل ہیں۔میزبان اور دفاعی چمپئن آسٹریلیا 22 اکتوبر کو ایس سی جی میں اپنا پہلا میچ نیوزی لینڈ سے کھیلے گا۔

اتوار 30 اکتوبر کو جدید ترین پرتھ اسٹیڈیم میں شام کے میچ میں جنوبی افریقہ کا مقابلہ ہندوستان سے ہوگا۔ جبکہ پاکستانی ٹیم کا مقابلہ گروپ اے کی رنر اپ سے ہوگا۔ سیمی فائنلز بالترتیب 9 اور 10 نومبر کو ایس سی جی اور ایڈیلیڈ اوول میں کھیلے جائیں گے۔ فائنل 13 نومبر کو میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔

Recommended