Urdu News

ٹی 20 ورلڈ کپ: ثانیہ مرزا بھارت پاکستان میچ کے دن سوشل میڈیا سے رہیں گی دور

ٹی 20 ورلڈ کپ: ثانیہ مرزا بھارت پاکستان میچ کے دن سوشل میڈیا سے رہیں گی دور

نئی دہلی،17اکتوبر (انڈیا نیرٹیو)

بھارتی ٹینس اسٹار کھلاڑی ثانیہ مرزا بھارت بمقابلہ پاکستان ٹی 20 ورلڈ کپ میچ کے دن سوشل میڈیا سے دور رہنے کا  منصوبہ  بنا  رہی ہیں۔ انہوں نے ایسا کرنے کا فیصلہ انڈیا پاکستان میچ کے دن سوشل میڈیا میں پیدا ہونے والے زہریلے ماحول کی وجہ سے کیا ہے۔ بھارت اور پاکستان دو سال بعد ایک بین الاقوامی میچ کھیلنے جا رہے ہیں۔ یہ میچ دونوں ممالک کے درمیان 24 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔ دنیا بھر کے کرکٹ شائقین اس میچ کا انتظار کر رہے ہیں۔

ثانیہ مرزا نے انسٹاگرام پر ایک ریل شیئر کرتے ہوئے لکھا، 'بھارت بمقابلہ پاکستان میچ کے دن، میں زہریلے ماحول سے بچنے کے لیے سوشل میڈیا سے غائب ہو رہی ہوں۔' انہوں نے ریل کا عنوان دیا اور الوداع لکھا۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ ثانیہ مرزا نے پاکستانی کرکٹر شعیب ملک سے شادی کی ہے۔ شعیب ملک کو پاکستان کے ٹی 20 ورلڈ کپ اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ وہ پاکستان کے سینئر ترین کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں۔

پاکستان آج تک ورلڈ کپ میں بھارت کو شکست نہیں دے سکا۔ ٹی 20 ورلڈ کپ میں دونوں ٹیمیں 5 مرتبہ آمنے سامنے ہوچکی ہیں اور ٹیم انڈیا 5 بار جیت چکی ہے۔ مہندر  سنگھ دھونی کی قیادت میں ٹیم انڈیا نے پاکستان کو فائنل میں شکست دے کر ٹی 20 ورلڈ کپ 2007 کا ٹائٹل جیت لیاتھا۔ دو سال پہلے ون ڈے ورلڈ کپ 2019 میں، دونوں ٹیمیں آمنے سامنے ہوئیں اور بھارت نے یہ میچ جیتاتھا۔

Recommended