ہوبارٹ، 21 اکتوبر (انڈیا نیرٹیو)
آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2022 میں ویسٹ انڈیز کا سفر اپنے اختتام کو پہنچا۔ کوالیفائر میچ میں آئرلینڈ نے ویسٹ انڈیز کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر باہرکا راستہ دکھا دیا۔ اس جیت کے ساتھ ہی آئرلینڈ نے سپر 12 مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔
ویسٹ انڈیز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوور میں 5 وکٹوں پر 146 رن بنائے۔ جواب میں آئرلینڈ نے 17.3 اوورز میں 1 وکٹ پر 150 رن بنا کر کامیابی حاصل کی۔
147 رن کے ہدف کے تعاقب میں پال اسٹرلنگ اور کپتان اینڈریو بالبرنی نے آئرش ٹیم کو تیز شروعات فراہم کی اور پہلی وکٹ کے لیے 7.2 اوور میں 73 رن جوڑے۔ اسی اسکور پر عقیل حسین نے بالبرنی کو آؤٹ کر کے اس شراکت کو توڑا۔ بالبرنی نے 23 گیندوں میں تین چوکوں اور اتنے ہی چھکوں کی مدد سے 37 رن بنائے۔ اس کے بعد اسٹرلنگ اور لورکینٹکر نے مزید کوئی نقصان نہیں ہونے دیا اور ٹیم کو 9 وکٹوں سے فتح دلائی۔
اس سے قبل ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز نے برینڈن کنگ کی 62 رن کی شاندار ناقابل شکست نصف سنچری کی بدولت 6 وکٹوں پر 146 رن بنائے۔کنگ کے علاوہ جانسن چارلس نے 24 اور ایون لوئس اور نکولس پورن نے 13-13 رن بنائے۔ آئرلینڈ کی جانب سے گیرتھ ڈیلانی نے 3، سمی سنگھ اور بیری میک کارتھی نے 1-1 وکٹ حاصل کی۔