Urdu News

انگلینڈ کے خلاف باقی دو ٹیسٹ میچوں کے لیے ٹیم انڈیا کااعلان

انگلینڈ کے خلاف باقی دو ٹیسٹ میچوں کے لیے ٹیم انڈیا کااعلان


انگلینڈ کے خلاف باقی دو ٹیسٹ میچوں کے لیے ٹیم انڈیا کااعلان

امیش یادو فٹنس ٹیسٹ پاس کرنے کے بعد ٹیم میں شامل ہوں گے

ممبئی ، 17 فروری (انڈیا نیرٹیو)

 بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے بدھ کے روز انگلینڈ کے خلاف چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے باقی دو میچوں کے لئے ٹیم انڈیاکا اعلان کر دیا ہے۔ فٹنس ٹیسٹ پاس کرنے کے بعد فاسٹ بولر امیش یادو احمد آباد میں ٹیم میں شامل ہوں گے۔

امیش ، شاردل ٹھاکر کی جگہ ٹیم میں شامل ہوں گے۔ شاردل کو وجے ہزارے ٹرافی کے لئے ریلیزکر دیا جائے گا۔ بی سی سی آئی نے ٹویٹ کیا کہ ’’امیش یادو فٹنس ٹیسٹ کے بعد احمد آباد میں ٹیم میں شامل ہوں گے۔ وہ شاردل ٹھاکر کی جگہ لیں گے ، جنھیں وجے ہزارے ٹرافی کے لئے ریلیز کیا جائے گا“۔

اس کے علاوہ سلیکشن کمیٹی نے ٹیم میں کوئی اور تبدیلی نہ کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔ اس ٹیم میںزیادہ تر وہی کھلاڑی ہیں جو پہلے دو ٹیسٹ میں تھے۔ واضح ہوکہ چار میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں دونوں ٹیمیں 1-1 سے برابری پر ہیں۔ سیریز کا تیسرا ٹیسٹ میچ 24 فروری سے احمد آباد میں کھیلا جائے گا۔ یہ ڈے نائٹ ٹیسٹ ہوگا اور اسے گلابی گیند سے کھیلا جائے گا۔

تمام قیاس آرائیوں کے باوجود تیز گیندباز محمد شمی اور نودیپ سینی کو ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی چوٹ سے صحت یاب ہورہے آل راونڈر رویندر جڈیجہ کو بھی ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔

باقی دو ٹیسٹوں کے لئے ، ہندوستانی ٹیم اس طرح ہے:۔ وراٹ کوہلی (کپتان) ، روہت شرما ، مینک اگروال ،شبھمن گل ، چیتیشور پجارا ، اجنکیا رہانے (نائب کپتان) ، کے ایل راہل ، ہاردک پانڈیا ، رشبھ پنت (وکٹ کیپر) ،ردھیمان ساہا (وکٹ کیپر) ، روی چندرن اشون ، کلدیپ یادو ، اکشر پٹیل ، واشنگٹن سندر ، ایشانت شرما ، جسپریت بمراہ ، محمد سراج اورامیش یادو (فٹنس ٹیسٹ پاس کرنے کے بعد)

Recommended