Urdu News

ٹیم انڈیا دنیا کی کسی بھی ٹیم کو شکست دینے میں اہل : چتیشور پجارا

ٹیم انڈیا دنیا کی کسی بھی ٹیم کو شکست دینے میں اہل

ٹیم انڈیا دنیا کی کسی بھی ٹیم کو شکست دینے میں اہل : چتیشور پجارا

نئی دہلی ، 20مئی (انڈیا نیرٹیو)

ٹیم انڈیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان انگلینڈ کے ساوتھمپٹن میں ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل میچ 18 سے 22 جون تک کھیلا جانا ہے۔ اس پہلی ٹیسٹ چیمپئن شپ کا خطاب جیتنے کے لیے دونوں ٹیمیں کمر بستہ نظر آرہی ہیں۔اس دوران ٹیسٹ بلے باز چتیشور پجارا نے ایک طرح سے نیوزی لینڈ کی ٹیم کو چیلنج کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیم انڈیاکسی بھی ٹیم کو کہیں بھی شکست دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

انہوں نے ایک اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا – ہمارا بیس بہت مضبوط ہے۔ ہمارے پاس اتنی صلاحیت ہے کہ ہم دنیا کی کسی بھی ٹیم کو کہیں بھی شکست دے سکتے ہیں۔ اگرچہ ورلڈ چیمپئن شپ کے فائنل کی تیاری کے لئے کافی وقت نہیں ملاہے ، لیکن مجھے یقین ہے کہ ٹیم کے پاس اتنا تجربہ ہے کہ وہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرسکتی ہے۔

 حالیہ دنوں میں ، بھارت نے کھیلی جانے والی تمام سیریزوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرکے یہ ثابت کیا ہے۔ ہم نیوزی لینڈ کے خلاف ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل اور پھر انگلینڈ کے ساتھ پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلنے کے لیے تیار ہیں۔

پجارا نے مزید کہا کہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل دو ٹاپ ٹیموں کے مابین ہورہا ہے۔ دونوں ٹیموں نے حال ہی میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ دونوں ٹیمیں برابری کی ہیں۔ دونوں ٹیمیں شاندار کھیل کا مظاہرہ کرنے کے لئے میدان میں اتریںگی۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے پاس کافی مضبوط بینچ اسٹرینتھ ہے۔

ہندوستان میں ہنر کی کمی نہیں ہے۔ ہمارے پاس بیٹنگ اور بولنگ ،دونوں شعبوں میں بہت اچھا بیک اپ ہے۔ آسٹریلیا کا دورہ اس کی ایک عمدہ مثال ہے جہاں نوجوان کھلاڑیوں نے سینئر کھلاڑیوں کی عدم موجودگی میں حاصل ہوئے موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے خود کو ثابت کیا۔

واضح ہو ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل ساوتھمپٹن میں کھیلا جانا ہے۔ پجارا نے اس اسٹیڈیم میں اپنے گزشتہ دورے پر انگلینڈ کے خلاف ناقابل شکست 132 رن بنائے تھے۔پجارا کے مطابق وہ انگلینڈ میں اپنے ریکارڈ کو بہتر بنانے کے لیے سخت محنت کر رہے ہیں۔ 

Recommended