نئی دہلی، 19 فروری
ہندوستانی جونیئر خواتین ہاکی ٹیم نے ہفتہ کی رات جنوبی افریقہ کے دورے کے اپنے دوسرے میچ میں میزبان ٹیم کے خلاف 8-0 سے زبردست جیت درج کی۔ اس سے قبل ہندوستانی ٹیم نے پہلے میچ میں میزبان ٹیم کو 8-1 سے شکست دے کر اپنی مہم کا آغاز کیا تھا۔
جنوبی افریقہ کا دورہ اہم ایشیا کپ انڈر 21 کے لیے ٹیم کی تیاریوں کا حصہ ہے، جو کہ آئندہ ایف آئی ایچ خواتین ہاکی جونیئر ورلڈ کپ کے لیے کوالیفکیشن ٹورنامنٹ ہے۔
مہمانوں نے حملے اور نظم و ضبط کے ساتھ فارمیشن میں بہترین نفاست کے ساتھ پہلے کوارٹر میں اچھی شروعات کی۔ ٹیم کی جانب سے پہلا گول انو نے میچ کے پہلے منٹ میں کیا اور اس کے بعد نائب کپتان روجاتا داداسو پسال نے نویں منٹ میں دوسرا گول کیا۔
میچ کے 26ویں منٹ میں جیوتی چھتری نے فیلڈ گول کر کے ہندوستانی ٹیم کی برتری 3-0 کر دی۔ انہوں نے اگلے ہی منٹ میں ایک اور گول کر کے ٹیم کی برتری کو 4-0 کر دیا۔
دوسرے کوارٹر کے اختتام سے قبل، ہندوستانی جونیئر خواتین ٹیم نے 29ویں اور 30ویں منٹ میں دیپیکا سورینگ اور جیوتی چھتری کے ذریعے مزید دو گول جوڑے۔
انو اور دیپیکا سینئر نے بالترتیب میچ کے 54ویں اور 59ویں منٹ میں مزید دو گول کر کے ہندوستان کو 8-0 سے فتح دلائی۔
ہندوستانی ٹیم اپنا اگلا میچ 20 فروری کو کھیلے گی جس کے بعد 24 اور 25 فروری کو جنوبی افریقہ اے ٹیم کے خلاف دو میچ کھیلے جائیں گے۔