Urdu News

یادوں میں پیلے: ایک چائے والے سے فٹ بال کا بادشاہ بننے تک کا سفر

 تھامس الوا ایڈیسن کے نام پر رکھا گیا تھاپیلے کا نام، چائے کی دکان پر کرتے تھے کام

نئی دہلی، 30 دسمبر ( انڈیا نیرٹیو)

جب بھی فٹ بال کے خوبصورت کھیل کی بات  ہوتی ہے تو سب سے پہلے جو نام آتا ہے وہ عظیم کھلاڑی پیلے کا ہے۔

 تھامس الوا ایڈیسن کے نام پر رکھا گیا تھاپیلے کا نام، چائے کی دکان پر کرتے تھے کام

پیلے کے نام سے مشہورایڈسن ارانتیس ڈو نیسی منٹوکی پیدائش23 اکتوبر 1940 کو برازیل کے ٹریس کوراکوس میں ہوئی تھی ۔

فلومینینس فٹ بالر ڈونڈینہو اور سیلسٹے ارینتیس کے بیٹے، پیلے دو بہن بھائیوں میں بڑے تھے۔ ان کا نام امریکی موجد تھامس الوا ایڈیسن کے نام پر رکھا گیا تھا۔ اسکول کے زمانے میں انہیں “پیلے” کا لقب ملا۔

پیلے کا خاندان بہت غریب تھا اور وہ چائے کے ایک اسٹال پر کام کر تے تھے ۔ انہوں نے فٹ بال اپنے والد سے سیکھا جو خود ایک فٹبالر تھے۔ وہ ایک فٹ بال نہیں خرید سکتے تھے ، اس لئے وہ اخباروں سے بھرے موزے سے کھیلتے تھے۔

پیلے کا پہلا پیشہ ورانہ معاہدہ

پیلے 560 میچوں میں 541 گول کے ساتھ اس کھیل میں سب سے کامیاب ٹاپ- ڈویژن اسکورر ہیں۔ انہوں نے 1363 میچوں (فرینڈلیسمیت) میں کل 1283 گول اسکور کیے۔

پیلے نے کلب کے ساتھ اپنا پہلا پیشہ ورانہ معاہدہ جون 1956 میں کیا۔ مقامی میڈیا میں پیلے کو مستقبل کے سپر اسٹار کے طور پرکافی  تشہیر کی گئی۔ انہوں نے 15 سال کی عمر میں 7 ستمبر 1956 کو کورنتھیئنز سانٹو آندرے کے خلاف اپنی سینئر ٹیم میں شروعات کی اور میچ کے دوران اپنے کیریئر کا پہلا گول کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی 7-1 سے فتح میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

جب 1957 کا سیزن شروع ہوا تو پیلے کو پہلی ٹیم میں ابتدائی جگہ دی گئی اور 16 سال کی عمر میں وہ لیگ میں سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی بن گئے۔

پیلے کا برازیل کی ٹیم میں داخلہ

پیشہ ورانہ طور پر دستخط کرنے کے دس ماہ بعد، پیلے کو برازیل کی قومی ٹیم میں بلایا گیا۔ پیلے کا پہلا بین الاقوامی میچ 7 جولائی 1957 کو ماراکانا میں ارجنٹینا کے خلاف تھا، جہاں ان کی ٹیم 2-1 سے ہار گئی۔ اس میچ میں، انہوں نے برازیل کے لیے پہلا گول 16 سال اور نو ماہ کی عمر میں کیا اور وہ  اپنے ملک کے لیے اب تک کا سب سے کم عمر گول کرنے والے فٹ بالر بن گیے۔

پیلے 1958 کے فیفا ورلڈ کپ میں حصہ لینے والے سب سے کم عمر کھلاڑی تھے۔ سیمی فائنل میں فرانس کے خلاف، ہاف ٹائم تک برازیل 2-1 سے آگے تھا، اورتب  پیلے نے ہیٹ ٹرک اسکور کی، اور ایسا کرنے والے ورلڈ کپ کی تاریخ میں سب سے کم عمر کھلاڑی بن گئے۔ 29 جون 1958 کو، پیلے 17 سال اور 249 دن کی عمر میں ورلڈ کپ میچ کھیلنے والے سب سے کم عمر کھلاڑی بن گئے۔ انہوں نے اس فائنل میں دو گول کیے جس سے برازیل نے اسٹاک ہوم میں سویڈن کو 5-2 سے شکست دی۔ میچ میں ان کا پہلا گول، جہاں انہوں نے نیٹ کے کونے میں والی کرنے سے قبل ایک ڈیفنڈر کے اوپر سے گیند کو فلک کیا، اسے ورلڈ کپ کی تاریخ کے بہترین گولوں میں سے ایک قرار دیا گیا ۔

پیلے نے 1958 کے ورلڈ کپ میں 10 نمبر کی جرسی پہننا شروع کی تھی۔ پریس نے پیلے کو 1958 کے ورلڈ کپ کا سب سے بڑا کھلاڑی قرار دیا، اور انہیں ٹورنامنٹ کے دوسرے بہترین کھلاڑی کے طور پر سلور بال سے بھی نوازا گیا۔

بلیک پرل نے 1958 میں سینٹوس کے ساتھ اپنا پہلا بڑا خطاب جیتا کیونکہ ٹیم نے کیمپیوناٹو پالستا جیتا تھا۔ پیلے نے 58 گول کے ساتھ ٹاپ اسکورر کے طور پر ٹورنامنٹ ختم کیا، جو آج تک کا ایک ریکارڈ ہے۔

پیلے نے 1959 کے ٹورنامنٹمیں جنوبی امریکن چیمپئن شپ میں بھی کھیلا، انہیں ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیااور 8 گول کے ساتھ ٹاپ اسکور رہے ۔ انہوں نے برازیل کے چھ میچوں میں سے پانچ میں گول کیے جن میں چلی کے خلاف دو گول اور پیراگوئے کے خلاف ایک ہیٹ ٹرک شامل ہے۔

بلیک پرل نے سینٹوس کو9ساوپاولو لیگ چیمپئن شپ اور  1962 اور 1963 میں لیبرٹا ڈوریس اور انٹرکانٹی نینٹل کلب کپ دونوں جیتنے میں مدد کی

1962 کے ورلڈ کپ میں جانے والے  پیلے دنیا کے بہترین ریٹیڈ کھلاڑی تھے۔ چلی میں 1962 کے ورلڈ کپ کے پہلے میچ میں، میکسیکو کے خلاف، پیلے نے پہلے گول میں مدد کی اور پھر دوسرا گول کرنے کے لیے چار ڈیفینڈرس کو پیچھے چھوڑ دیا، جس سے ٹیم کو 2-0 کی برتری حاصل ہوئی۔ چیکوسلواکیہ کے خلاف اگلے میچ میں، انہوں نے طویل فاصلے تک شاٹ لگانے کی کوشش کرتے ہوئے خود کو زخمی کر دیا جس کی وجہ سے وہ باقی ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے۔ تاہم یہ ورلڈ کپ جیت کر برازیل نے دوسری بار خطاب  اپنے نام کیا۔

1966 کا ورلڈ کپ برازیل اور پیلے دونوں کے لیے مایوس کن رہا۔ برازیل پہلے راونڈ میں ہی ناک آوٹ ہو گیا تھا اور پیلے نے ریٹائر ہونے پر غور کیا۔ تاہم بعد میں انہوں  نے اپنا فیصلہ بدل لیا۔

1969 میں نائیجیریا کی خانہ جنگی میں شامل دونوں دھڑوں نے 48 گھنٹے کی جنگ بندی پر اتفاق کیا تاکہ وہ پیلے کو لاگوس میں ایک نمائشی کھیل کھیلتے دیکھ سکیں۔ سینٹوس نے لاگوس کی جانب سے اسٹیشنری اسٹورز ایف سی کے ساتھ 2-2 سے ڈرا کھیلا اور پیلے نے اپنی ٹیم کے لیے ایک گول کیا۔ پیلے نے 20 نومبر 1969 کو اپنے 909ویں فرسٹ کلاس میچ میں اپنا 1000 واں گول کیا۔

پیلے کو 1969 کے اوائل میں قومی ٹیم میں بلایا گیا۔ پہلے تو اس نے انکار کر دیا، لیکن پھر اسے قبول کر لیا اور چھ ورلڈ کپ کوالیفائنگ میچوں میں کھیلے، جس میں انہوں نے چھ گول کئے ۔ میکسیکو میں 1970 کا ورلڈ کپ پیلے کا آخری ورلڈ کپ ہونے کی امید تھی۔

میکسیکو سٹی کے ازٹیکا اسٹیڈیم میں فائنل میں برازیل کا مقابلہ اٹلی سے ہوا۔ پیلے نے ابتدائی گول ہیڈر سے کیا، جو کہ برازیل کا ورلڈ کپ کا 100 واں گول تھا۔ فائنل میچ میں برازیل نے اٹلی کو 4-1 سے شکست دی۔ 1970 کے ورلڈ کپ کے دوران، پیلے پورے ٹورنامنٹ میں برازیل کے 53فیصد گولز کے لیے براہ راست ذمہ دار تھے۔ برازیلین لیجنڈ نے اپنے ورلڈ کپ کیرئیر کا اختتام 14 میچوں میں 12 گول کر کے کیا۔ پیلے کو پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کے طور پر گولڈن بال ملا۔

پیلے کا آخری بین الاقوامی میچ 18 جولائی 1971 کو ریو ڈی جنیرو میں یوگوسلاویہ کے خلاف تھا۔ پیلے کے ساتھ، برازیل کی ٹیم کے پاس 67 جیت، 14 ڈرا اور 11 ہار کا ریکارڈ تھا۔

پیلے نے چار ورلڈ کپ میں اپنے ملک کی نمائندگی کی جہاں انہوں نے 12 گول کئے۔ 1958 میں انہوں نے 6 گول کیے اور ٹورنامنٹ میں دوسرے سب سے زیادہ گول اسکور کرنے والے کھلاڑی تھے جن میں فائنل میچ کے دو گول بھی شامل تھے۔ 1962 اور 1966 میں انہوں  نے صرف 1 گول کیا اور 1970 میں اپنے آخری ورلڈ کپ میں انہوں نے فائنل میں ایک گول سمیت 4 گول کیے تھے۔

ورلڈکپ میں پیلے کی حصولیابیاں

ورلڈکپ میں پیلے کی حصولیابیاں غیر معمولی رہی ہیں۔ اپنے پہلے ورلڈ کپ میں، وہ بہترین نوجوان کھلاڑی قرار پائے اور سلور بال بھی جیتے۔ 17 سال کی عمر میں، وہ 1958 میں فیفا ورلڈ کپ جیتنے والے سب سے کم عمر کے  کھلاڑی بن گئے۔ اگلے چار سالوں میں 21 سال کی عمر میں، وہ 1962 میں دو بار فیفا ورلڈ کپ جیتنے والے سب سے کم عمر کھلاڑی بن گئے۔

1970 کے فیفا ورلڈ کپ میں، پیلے کو فائنل میں ایک گول سمیت 4 گول کرنے اور 7 اسسٹ فراہم کرنے پر ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی ہونے پر گولڈن بال سے نوازا گیا، جو کہ کسی ایک فیفا ورلڈ ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ ہے۔ اور ان میں سے 3 ورلڈ کپ فائنل میں اسسٹس آئے تھے۔

پیلے نے 1974 میں اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا لیکن 1975میں نارتھ امریکی ساکر لیگ نیو یارک کاسموس کے ساتھ تین سال، 7 ملین ڈالرکے معاہدے اورامریکہ میں کھیل کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔ 1977 میں  لیگ چیمپئن شپ میں کوسموس کی قیادت کرنے کے بعد انہوں نے ریٹائرمنٹ لے لیا۔پیلے نے کاسموس کے لیے 64 میچوں میں 37 گول کیے تھے۔

پیلے کے ورلڈ ریکارڈ

پیلے کے نام 92 ہیٹ ٹرک کا عالمی ریکارڈ ہے۔ 1959 میں، انہوں نے ایک کیلنڈر سال میں 127 گول کیے ۔ پیلے نے 1984 میں فیفا آرڈر آف میرٹ جیتا ۔ 1998 میں انہیں 20ویں صدی کی عالمی ٹیم میں شامل کیا گیاتھا۔

بلیک پرل کے میدان کے باہر  اعزاز

1999 میں انہیں ٹائم نے 20 ویں صدی کے 100 اہم ترین لوگوں میں سے ایک کے طور پر نوازا گیا تھا۔ اسی سال انٹرنیشنل فیڈریشن آف فٹ بال ہسٹری اینڈ اسٹیٹسٹکس نے انہیں ورلڈ پلیئر آف دی سنچری سے نوازا۔ 2000 میں انہیں فیفا پلیئر آف دی سنچری سے نوازا گیا۔ 2004 میں، فیفا نے انہیں صد سالہ ایوارڈ اور 100 عظیم زندہ فٹ بالرز میں سے ایک سے نوازا۔ 2006 میں، انہیں بین الاقوامی فیڈریشن آف فٹ بال ہسٹری اینڈا سٹیٹسٹکس کی طرف سے صدی کے بہترین برازیلین کھلاڑی کا اعزاز دیا گیا۔

2013 میں، پیلے نے ’فیفا بیلن ڈی اور‘ اور’پرکس ڈی ہونور‘ حاصل ہوا۔ اسی سال، وہ ورلڈ ساکر کے اب تک کے عظیم ترین الیون میں تھے۔ حال ہی میں 2020 میں، وہ بیلن ڈی اور ڈریم ٹیم کا حصہ تھے۔

پیلے کے دلچسپ کھیل اور شاندار گول کے جذبے نے انہیں دنیا بھر میں ایک اسٹار بنا دیا۔ فٹ بال کے بادشاہ کے طور پر جانے جانے والے، پیلے نے اپنی مہارت اور دل کو چھو لینے والے مووس سے لاکھوں دلوں کو چھو لیا۔

Recommended