Urdu News

یوم آزادی کی تقریب میں اولمپک ٹیم ہوگی مہمان خصوصی، وزیر اعظم مودی کریں گے مدعو

یوم آزادی کی تقریب میں اولمپک ٹیم مہمان خصوصی

وزیر اعظم نریندر مودی یوم آزادی  کے موقع پر پورے ہندوستانی اولمپک دستے کو لال قلعہ میں بطور مہمان خصوصی مدعو کریں گے۔دعوت کے ساتھ  وزیر اعظم مودی ذاتی طور پر تمام لوگوں سے ملیں گے اور ان سے بات چیت بھی کریں گے۔ لال قلعہ پر پروگرام کے ساتھ وزیر اعظم نریندر مودی اولمپکس میں شامل تمام ہندوستانی شرکا کو اپنی رہائش گاہ پر بات چیت کے لیے مدعو کریں گے۔

واضح ہوکہ ہندوستان کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہوگا کہ جب اولمپکس میں شرکت کے لیے گئے مکمل دستے کو یوم آزادی کی تقریبات میں بطور مہمان خصوصی لال قلعہ میں مدعو کیا جائے گا۔ واضح ہو کہ وزیر مودی نے ٹوکیو روانگی سے قبل بھی  ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ ان سے بات کی تھی اور اچھی کارکردگی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیاتھا۔

اولمپکس 2020 کا انعقاد جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں کیا جا رہا ہے جس میں کل 228 کھلاڑی اور مینجمنٹ ٹیم بھارت سے بھیجی گئی ہے۔ اس میں تقریباً120 ایتھلیٹ ہیں جبکہ باقی کوچ اور دیگر ممبران ہیں۔ ٹوکیو اولمپکس میں بھارت کے ہاتھ اب تک دو تمغے لگے ہیں۔

 ویٹ لفٹر میرابائی چانو نے چاندی اور بیڈمنٹن اسٹار پی وی سندھو نے کانسے کا تمغہ جیتاہے۔ باکسر لولینا بورگوہین نے سیمی فائنل میں جگہ بنا کرایک اور تمغے کو یقینی بنالیا ہے۔  ان کے علاوہ مرد اور خواتین،دونوں ہاکی ٹیمیں میڈل کے بہت قریب ہیں۔ مردوں کی ٹیم سیمی فائنل میں ہار گئی ہے اور اب کانسے کے تمغے کے لیے کھیلے گی۔ اس کے ساتھ ہی خواتین کی ٹیم کو سیمی فائنل میں ارجنٹینا کا سامنا کرنا ہے۔

Recommended