Urdu News

صدر جمہوریہ ہندکووند نے 12 کھیل رتن سمیت 62 کھلاڑیوں کو اعزازات سے نوازا

صدر جمہوریہ ہندکووند نے 12 کھیل رتن سمیت 62 کھلاڑیوں کو اعزازات سے نوازا

کھیلوں کی دنیا میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں اور کوچوں کو صدرجمہوریہ رام ناتھ کووند نے کھیلوں کے اعزازات سے نوازا۔ اس پروگرام میں 12 کھلاڑیوں کو کھیل رتن، 35 کو ارجن ایوارڈس، 10 کو دروناچاریہ اور پانچ کو دھیان چند ایوارڈ دیا گیا۔ تاہم کھیل رتن ایوارڈ یافتہ بیڈمنٹن کھلاڑی کرشنا ناگر اپنی والدہ کے انتقال کے سبب تقریب میں شرکت نہیں کرسکے۔

صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے جیولن تھروورنیرج چوپڑا سمیت 12 کھلاڑیوں کو میجر دھیان چند کھیل رتن ایوارڈ سے نوازا۔نیر ج چوپڑا نے اس سال ٹوکیواولمپکس میں جیولن تھرو میں سونے کا تمغہ حاصل کیا تھا۔ نیرج کے علاوہ جن کھلاڑیوں کو میجر دھیان چند کھیل رتن ایوارڈ دیا گیا ہے، ان میں ٹوکیو اولمپکس میں چاندی کا تمغہ جیتنے والے پہلوان روی دہیا، ٹوکیو اولمپکس میں کانسے کا تمغہ جیتنے والی باکسر لولینا بورگوہین، تجربہ کار گول کیپر سر ی جیش پی آر، پیراشوٹراونی لیکھرا،پیر ایتھلیٹ سمت انتل، پیرابیڈ منٹن کھلاڑی پرمود بھگت، پیرابیڈمنٹن کھلاڑی کرشنا ناگر، پیراشوٹر منیش نروال، خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان میتھالی راج،فٹ بالر سنیل چھیتری اور ہندوستانی ہاکی ٹیم کے کپتان من پریت سنگھ شامل ہیں۔

اسی طرح ارجن ایواڑدس سے نوازے گئے35 کھلاڑیوں میں کرکٹرشیکھر دھون، خاتون ہاکی کھلاڑی مونیکا، وندنا کٹاریا، کبڈ ی کھلاڑی سندیپ نروال، پہلوان دیپک پونیا،پیربیڈمنٹن کھلاڑی سہاس ایل وائی کے علاوہ مردوں کی ہاکی ٹیم کے کئی کھلاڑی شامل ہیں۔اسی طرح پانچ پانچ کوچز کو درونا چاریہ لائف ٹائم کٹیگری اور دروناچاریہ ریگولر کٹیگری کے اعزازات سے نوازاگیا۔

غور طلب ہے کہ نیشنل اسپورٹس ایوارڈ ہر سال ہاکی کے جادوگر میجر دھیان چند کے یوم پیدائش 29 اگست کو قومی کھیلوں کے دن کے موقع پر دیا جاتا ہے، لیکن اس بار اولمپکس اور پیرا اولمپکس 29 اگست کے قریب ہونے کی وجہ سے ان ایوارڈس کو دینے میں تاخیر ہوئی۔ سنیل چھیتری اس اعزاز سے نوازے جانے والے پہلے فٹبالر بن گئے۔ اس سال 12 کھیل رتن کے علاوہ 35 کھلاڑیوں کو ارجن ایوارڈ سے نوازا گیا۔ اس کی بنیادی وجہ اولمپکس (سات تمغے) اور پیرا اولمپکس (19 تمغے) میں اب تک کی بہترین کارکردگی تھی۔

کھیل رتنا ایوارڈ میں 25 لاکھ روپے کا نقد انعام اور ایک میڈل آف آنر فراہم کیا جاتا ہے۔  اس تقریب میں وزیر کھیل انوراگ ٹھاکر سمیت کئی معززین موجود تھے۔

Recommended