Urdu News

افغانستان اور آسٹریلیا کے درمیان ہونے والی ٹیسٹ سیریز کے لیے طالبان رضامند

افغانستان کرکٹ ٹیم

کابل، 31اگست (انڈیا نیرٹیو)

افغانستان میں طالبا ن کے تسلط کے بعدوہاں کرکٹ سمیت دیگر کھیلوں اور دیگر سماجی وثقافتی سرگرمیوں کے بند ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا تھا۔ ایسے میں افغانستا ن کی کرکٹ ٹیم کارواں سال نومبر میں واحد ٹیسٹ میچ کے لیے آسٹریلیا کا دورہ بھی پس وپیش میں پڑ گیا تھالیکن اب طالبان نے واضح کر دیا ہے کہ کرکٹ سمیت تمام کھیل وہاں بلا کسی رخنہ اندازی کے جاری رہیں گے۔

واضح ہو کہ یہ ٹیسٹ میچ 27 نومبر سے یکم دسمبر تک کھیلا جانا ہے۔ افغانستان کوحال ہی میں پاکستان کے خلاف محدود اوورز کی سیریز کھیلنی تھی، لیکن اسے فی الحال ملتوی کر دیا گیا ہے۔ اسی دوران  طالبان نے افغانستان میں کرکٹ کے مستقبل کے بارے میں بڑا بیان دیا ہے۔ طالبان نے کہا ہے کہ افغانستان میں کرکٹ بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رہے گی۔ طالبان نے ملک میں کھیلوں کی دیگرسرگرمیوں کو جاری رکھنے کے لیے اپنا گرین سگنل بھی دے دیا ہے۔

طالبان کے ثقافتی کمیشن کے نائب سربراہ احمد اللہ واسک نے کہا ہے کہ آسٹریلیا اور افغانستان کے درمیان ٹیسٹ میچ شیڈول کے مطابق ہوگا۔ انہوں نے کہا،”(تمام پہلے سے طے میچ) بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رہیں گے، اور (افغان ٹیم) دیگر بین الاقوامی ٹیموں کے ساتھ کھیل سکتی ہے۔ مستقبل میں ہم تمام ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات کی خواہش رکھتے ہیں۔ جب اچھے تعلقات قائم ہوجائیں گے، توافغان کھلاڑی (آسٹریلیا) جا سکتے ہیں اور وہ یہاں آ سکتے ہیں“۔

کرکٹ آسٹریلیا (سی اے) نے افغانستان کے خلاف آسٹریلیا کے 'تاریخی' ٹیسٹ میچ کی اپنی تیاری پہلے ہیشروع کر دی ہے۔ سی اے کے ترجمان نے کہا ہے کہ ہوبارٹ میں کھیلے جانے والے میچ کی منصوبہ بندی جاری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سی اے اور افغانستان کرکٹ بورڈ (اے سی بی) صحیح سمت میں ہیں اور ان کا مقصد ٹیسٹ میچوں کو حقیقت بنانا ہے۔

Recommended