Urdu News

ٹوکیو پیرالمپکس: کرشنا ناگر نے گولڈ جیت کر ہندوستانی کی جھولی میں ڈالا پانچواں گولڈ میڈل

ٹوکیو پیرالمپکس: کرشنا ناگر

نئی دہلی: ٹوکیو پیرالمپک میں کرشنا ناگر(Krishna Nagar) نے گولڈ میڈل جیت کر تاریخ رقم کردی ہے۔ ایس ایل 6 کلاس فائنل میں کرشنا ناگر نے ہانگ کانگ کے چو مان کیئی کو شکست دی۔ ٹوکیو پیرالمپک(Tokyo Paralympics) میں بیڈمنٹن میں یہ ہندوستان کا چوتھا میڈل ہے۔ جبکہ ٹوکیو پیرالمپک میں یہ ہندوستان کا پانچواں گولڈ ہے۔ کرشنا سے پہلے بیڈمنٹن میں پرمود بھگت(Pramod Bhagat) گولڈ، سہاس یتیراج(Suhas Yathiraj) سلور اور منوج سرکار(Manoj Sarkar) برانز میڈل جیت چکے ہیں۔

اس کے ساتھ ہی ٹوکیو اولمپک میں ہندوستان کے میڈل کی تعداد 19 ہوگئی ہے۔ ہندوستان نے اب تک 5 گولڈ، 8 سلور اور 6 برانز میڈل جیتے ہیں۔ ہندوستان ٹوکیو پیرالمپک میں نشانے بازی میں پانچ اور بیڈمنٹن میں چار تمغے جیت چکا ہے۔

کرشنا پیرالمپک کھیلوں میں گولڈ جیتنے والے 8 ویں ہندوستانی

ٹوکیو پیرالمپک میں یہ ہندوستان کا پانچواں گولڈ میڈل ہے۔ ٹوکیو پیرالمپک میں کرشنا سے پہلے پرمود بھگت (بیڈمنٹن)، منیش نروال (نشانے بازی)، سمت انتل (بھالا پھینک) اور اوانی لیکھرا (نشانے بازی) ہندوستان کو گولڈ دلا چکے ہیں۔ کرشنا ناگر پیرالمپک کھیلوں میں گولڈ جیتنے والے صرف 8 ویں ہندوستانی کھلاڑی ہیں۔ پیرالمپک کھیلوں میں ہندوستان کو پہلا گولڈ مرلی کانت پیٹکر نے 1972 میں دلایا تھا۔ اس کے بعد دیویندر جھاجھریا نے اینتھس اولمپک 2004 اور ریو اولمپک 2016 میں بھالا پھینک میں ہندوستان کو گولڈ دلایا۔ وہیں ریو کھیلوں میں مریپپن تھنگاویلو نے اونچی کود میں گولڈ میڈل جیتا تھا۔

راجستھان کے جے پور کے رہنے والے 21 سالہ کرشنا ناگر نے اپریل میں دبئی میں پیرا بیڈمنٹن بین الاقوامی ٹورنامنٹ میں دو تمغے جیتے تھے۔ کرشنا ناگر نے ایس ایل 6 کلاس میں میڈل جیتا ہے، جس میں چھوٹے قد کے کھلاڑی کھیلتے ہیں۔ جب کرشنا محض 2 سال تھے، تبھی ڈاکٹروں نے کہہ دیا تھا کہ ان کی لمبائی زیادہ نہیں بڑھے گی۔ گھر میں بھائی-بہن، والدین سبھی کی لمبائی عام ہے، لیکن کرشنا ناگر کی لمبائی 4.6 فٹ سے آگے نہیں بڑھ سکی۔

Recommended