نئی دہلی،8اکتوبر 2021/ سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کےمرکزی وزیر ڈاکٹر وریندر کمار نے آج جموں میں پیرا ایتھلیٹس (جوڈو کھلاڑی) اور ان کے کوچوں کے ایک نمائندہ وفد سے ملاقات کی۔
دو جوڈوں کھلاڑی وشال کھجوریہ اور رکشتا مہک اس سال 27 اکتوبر سے فرانس کے ورسائے میں ہونے والی پہلی عالمی سماعت سے محروم جوڈو چیمپئن شپ میں حصہ لینے جارہے ہیں۔ دونوں کھلاڑی بالترتیب 8 اور 10 مرتبہ طلائی تمغہ جیت چکے ہیں۔ وشال تین مرتبہ بہترین قومی جوڈو کھلاڑی بھی رہ چکے ہیں۔ جبکہ رکشتا 2019 میں بیسٹ جوڈو پلیئر کا ایوارڈ ملا تھا
سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کے وزیر نے کہاکہ حال ہی میں ٹوکیو اولمپک کھیلوں میں ہندستانی کھلاڑیوں کے غیر معمولی مظاہرہ نے ملک کو فخر سے بھر دیا ہے اور مستقبل میں ہونے والے کھیل مقابلوں کے لئے اور زیادہ امیدیں جگا دی ہیں۔ مرکزی وزیر نے کہاکہ حکومت ملک میں کھیل کے بنیادی ڈھانچہ سہولیات اور کھیل ثقافت میں سدھار پر مسلسل کافی دھیان دے رہی ہے۔ انہوں نےکہا کہ ٹوکیو پیرا اولمپک کھیلوں میں تمغہ جیتنے والے 19 پیرا ایتھلیٹوں میں حالیہ کامیابی کھیلوں میں فروغ کا ہی نتیجہ ہے۔
دونوں جوڈو کھلاڑیوں کو ان کی آنے والی چیمپئن شپ میں بہترین مظاہرہ کرنےکے لئے حوصلہ افزائی کی گئی اور کہا گیا کہ سارے ملک کی امیدیں ان پر ٹکی ہوئی ہیں۔
اس موقع پر گورنر کے مشیر جناب فاروق خان بھی موجود تھے۔ مشیر نے بھی دونوں ایتھلیٹس کی کامیابیوں کی ستائش کی اور انہیں اپنے کھیل کو مزید بہتر بنانے اور بین الاقوام سطح پر کامیابی حاصل کرنے کے لئے حوصلہ افزائی کی۔ جناب فاروق خان نے کھیلوں کے لئے مرکز کے زیر انتظام علاقے کی حکومت کے ذریعہ توسیعی حمایت سہولیات کی یقین دہانی کرائی۔