Urdu News

ٹی۔20 انٹرنیشنل کرکٹ میں 4000 رن بنانے والے پہلے بلےباز بنے وراٹ کوہلی

وراٹ کوہلی

اسٹار ہندوستانی بلے باز وراٹ کوہلی جمعرات کو ٹی۔20 انٹرنیشنل کرکٹ میں 4000 رنوں کا ہندسہ عبور کرنے والے تاریخ کے پہلے کھلاڑی بن گئے۔

کوہلی نے یہ کارنامہ انگلینڈ کے خلاف ایڈیلیڈ اوول میں جاری آئی سی سی ٹی۔20 ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میچ کے دوران انجام دیا۔ میچ میں وراٹ نے 40 گیندوں میں 50 رن کی شاندار اننگ کھیلی۔ ان کی اننگ میں چار چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ اس دوران اس کا اسٹرائیک ریٹ 125.00 تھا۔

ٹورنامنٹ کے موجودہ ایڈیشن میں یہ ان کی چوتھی نصف سنچری تھی۔ وہ اس وقت ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ رن بنانے والے کھلاڑی ہیں۔ انہوں نے چھ اننگ میں 98.66 کی اوسط سے 296 رن بنائے ہیں۔ اس میں میلبورن میں پاکستان کے خلاف ناٹ آوٹ 82 رن بھی شامل تھے۔

اس ففٹی کے ساتھ ہی ٹی۔20 انٹرنیشنل کرکٹ میں وراٹ کے رنوں کی تعداد 115 میچوں کی 107 اننگ میں 52.73 کی اوسط سے 4008 ہو گئی ہے۔ انہوں نے 122 ناٹ آؤٹ کے ذاتی بہترین اسکور کے ساتھ ایک سنچری اور 37 نصف سنچریاں اسکور کیں۔ مختصر ترین فارمیٹ میں ان کا اسٹرائیک ریٹ 137.96 ہے۔

مختصر ترین فارمیٹ ٹی۔ 20میں دیگر ٹاپ بلے باز ہندوستانی کپتان روہت شرما (3,853)، نیوزی لینڈ کے اوپنر مارٹن گپٹل(3531)، پاکستان کے کپتان بابر اعظم(3323)اور آئیر لینڈ کے اوپنر پال اسٹرلنگ (3181)ہیں۔

Recommended