ٹیم انڈیاکے کپتان وراٹ کوہلی نے پاکستان کے خلاف میچ کے بعد محمد شامی کو ٹرول کرنے والوں کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذہب کی بنیاد پر کسی پر حملہ کرنا انتہائی قابل مذمت ہے۔ 24 اکتوبر کو کھیلے گئے ٹی۔20 ورلڈ کپ کے میچ میں پاکستان نے ٹیم انڈیا کو 10 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ اس کے بعد شامی کو سوشل میڈیا پر ٹرول کیا گیاتھا۔ میچ کے بعد کوہلی نے اعتراف کیا کہ پاکستان نے ٹیم انڈیا سے بہتر کارکردگی دکھائی تھی۔
ہفتہ کے روز ایک پریس کانفرنس میں کوہلی نے مذہب کی بنیاد پر محمد شامی کو نشانہ بنانے والوں کی سخت مذمت کی۔ انہوں نے کہا ’ہمارے پاس میدان میں کھیلنے کی ایک اچھی وجہ ہے۔ سوشل میڈیا پر لکھنے والے بغیر ریڑھ کی ہڈی والے نہیں ہوتے جن میں کسی بھی شخص سے روبرو بات کرنے کی ہمت نہیں ہے‘۔ انہوں نے مزید کہاکہ ’یہ انسانیت کا سب سے نچلا درجہ ہے۔ مذہب کی بنیاد پر کسی پر حملہ کرنے سے زیادہ مایوس کن کوئی چیز نہیں ہوسکتی۔ میں نے کبھی مذہب کی بنیاد پر تفریق کا نہیں سوچا۔ مذہب بہت مقدس چیز ہے۔ ہمارا بھائی چارہ، ہماری دوستی کوہلایا نہیں جا سکتا اور ان چیزوں سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ میں ان لوگوں کو کریڈٹ دیتا ہوں جو ہمیں سمجھتے ہیں‘۔
پاکستان کے ہاتھوں بھارت کی شکست کے بعد شامی کے انسٹاگرام اکاونٹ پر سینکڑوں پیغامات تھے کہ جس میں لکھا گیا تھا کہ وہ غدارہے اور انہیں ٹیم انڈیاسے باہر کر دینا چاہیے۔ تاہم، ان کے بہت سے شائقین اور تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والی معروف شخصیات نے شامی کی حمایت کی۔