ٹیم انڈیا کے کرشمائی بلے باز وراٹ کوہلی نے اتوار کویہاں طویل انتظار کے بعد اپنی 28ویں ٹیسٹ سنچری بنائی۔ نومبر 2019 کے بعد اس فارمیٹ میں یہ ان کی پہلی سنچری ہے۔ نریندر مودی اسٹیڈیم میں آسٹریلیا کے خلاف چوتھے ٹیسٹ کے چوتھے دن وہ ٹرپل فیگر تک پہنچ گئے۔
اس سنچری کی وجہ سے ہندوستان نے آسٹریلیا کے خلاف چائے تک پانچ وکٹوں پر 472 رنز بنائے۔ چوتھا دن اسٹیڈیم میں موجود تقریباً 15000 لوگوں کے لیے یادگار رہا۔ کوہلی نے نومبر 2019 کے بعد اپنی پہلی ٹیسٹ سنچری آف اسپنر نیتھن لیون کے اوورمیں مڈ وکٹ پر کھیل کر مکمل کی۔
یہ کوہلی کی 28ویں ٹیسٹ سنچری اور مجموعی طور پر 75ویں بین الاقوامی سنچری ہے۔ انہوں نے اپنی سنچری 241 گیندوں میں مکمل کی۔