Urdu News

ویسٹ انڈیزلیجنڈس نے بنگلہ دیش کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر پہلی جیت درج کی

ویسٹ انڈیزلیجنڈس


ویسٹ انڈیزلیجنڈس نے بنگلہ دیش کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر پہلی جیت درج کی

رائے پور ، 13 مارچ (انڈیا نیرٹیو)

روڈ سیفٹی ورلڈ سیریز ٹی۔ 20 کے 12 ویں میچ میں جمعہ کی شب یہاںویسٹ انڈیز لیجنڈس نے بنگلہ دیش لیجنڈس کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں اپنی پہلی جیت درج کی۔ بنگلہ دیش نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 7 وکٹوں پر 169 رن بنائے جو ویسٹ انڈیز نے 7 گیندیں باقی رہتے 5 وکٹیں گنوا کر حاصل کرلیا۔

یہ ویسٹ انڈیز کی چار میچوں میں پہلی جیت ہے اور اب اس کے چار پوائنٹس ہیں اور وہ ٹیبل میں پانچویں نمبر پر آگیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی بنگلہ دیش کو چار میچوں میں مسلسل چوتھی شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

ویسٹ انڈیز کے لئے بنگلہ دیش کی جانب سے 170 رن کے ہدف کے تعاقب میں ولیم پرکنس (22) اور رڈلے جیکبس (34) نے پہلی وکٹ کے لئے 2.5 اوورز میں 29 رن جوڑے۔ پرکنس نے 14 گیندوں پر چار چوکے لگائے۔ پرکنس کے آؤٹ ہونے کے بعد ویسٹ انڈیز نے 41 کے اسکور پر ڈوین اسمتھ (10) کی شکل میں اپنی دوسری وکٹ گنوا دی۔ تاہم ، پھر رڈلے نے دوسری وکٹ کے لئے کیکی ایڈورڈس (47) کے ساتھ مل کر 72 رن کا اضافہ کرکے ویسٹ انڈیز کوجیت کے قریب لے جانے میں مدد کی۔

ایڈورڈس اپنی نصف سنچری لگانے میں تین رن سے چوک گئے اور 28 گیندوں پر چھ چوکے اور دو چھکے لگاکر آؤٹ ہوگئے۔ ویسٹ انڈیز کو چوتھا جھٹکا125 کے اسکور پر رڈلے کی شکل میں لگا ، جنہوں نے 30 گیندوں میں تین چوکے لگائے۔ اس کے بعد ، ٹیم کو ٹورنامنٹ میں اپنی پہلی فتح کے لیے آخری پانچ اوور میں 28 رن بنانے تھے اور کپتان برائن لارا نے 23 گیندوں میں تین چوکوں کی مدد سے 31 رن بناکرٹیم کو 5 وکٹوں سے جیت دلا دی ۔ ان کے علاوہ مہندر ناگاموٹو نے 10 گیندوں پر دو چوکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ 16 رن بنائے۔

وہیں ٹینو بیسٹ نے 5 رنزکی شراکت داری کی۔ بنگلہ دیش کی جانب سے عبد الرزاق نے دو اور مشفیق الرحمن اور کپتان محمد رفیق نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ اس سے قبل ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر بنگلہ دیش کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

بنگلہ دیش کے دونوں اوپنرناظم الدین (33) اور محراب حسین (44) نے پہلی وکٹ کے لئے 8 اوور میں 64 رن کی شراکت داری کر کے ٹیم کو عمدہ آغاز فراہم کیا۔ ناظم الدین نے 24 گیندوں میں تین چوکے اور دو چھکے لگائے۔ ناظم الدین کے آؤٹ ہونے کے بعد ، محراب نے آفتاب عالم (31) کے ساتھ دوسری وکٹ کے لئے 57 رن کا اضافہ کرکے بنگلہ دیش کو مضبوطی دی۔

آفتاب نے 21 گیندوں پر چار چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ اس کے بعد محراب بھی پویلین لوٹ گیے اور وہ اپنی نصف سنچری مکمل نہیں کرسکے۔ انہوں نے 45 گیندوں پر پانچ چوکے لگائے۔ محراب کے آوٹ ہونے کے بعد محمد شریف نے 13 گیندوں پر تین چھکوں کی بدولت 26 رن کی جارحانہ اننگ کھیلی ، جس سے بنگلہ دیش مقررہ 20 اوور میں سات وکٹوں پر 169 تک پہنچ گیا۔

نچلے آرڈر میں ، عبدالرزاق اور کپتان محمد رفیق بغیر کوئی کھاتہ کھولے آؤٹ ہوئے ، جب کہ خالد مشود نے پانچ اور مشفیق الرحمن نے تین اور راجین صالح نے پانچ رن کی ناٹ آوٹ اننگ کھیلی۔ سلیمان بین ویسٹ انڈیز کے لئے سب سے کامیاب بولر رہے۔انہوں نے چار اوور میں 17 رن دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔ ان کے علاوہ ریان آسٹن نے دو اور ٹینو بیسٹ نے ایک وکٹ حاصل کی۔

Recommended