Urdu News

ویمنز ورلڈ کپ: بھارت نے پاکستان کو 107 رن سے شکست دی

ویمنز ورلڈ کپ: بھارت نے پاکستان کو 107 رن سے شکست دی

آئی سی سی خواتین ورلڈ کپ میں ہندوستان نے فاتحانہ آغاز کیا ہے۔ اتوار کو ماؤنٹ مونگانوئی میں کھیلے گئے اپنے پہلے میچ میں بھارت نے پاکستان کو 107 رن کے بڑے مارجن سے شکست دی۔ میچ میں بھارت نے پاکستان کے سامنے 245 رن کا ہدف دیا تھا۔ جواب میں پاکستان کی پوری ٹیم 137 رن پر ڈھیر ہوگئی۔ بھارت کی جانب سے اسمرتی مندھانا نے 52 رن، پوجا وستراکر نے 67 رن، اسنیہہ رانا نے ناٹ آؤٹ 53 اور دپتی شرما نے 40 رن بنائے۔

245 رن کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم کا آغاز اچھا نہ تھا۔ بھارت نے پاکستان کو پہلا جھٹکا 28 رن کے مجموعی اسکور پر دیا۔ راجیشوری گائیکواڈ نے اوپنر جویریہ خان کو کیچ آؤٹ کیا۔ اس کے بعد دپتی شرما نے پاکستان کو دوسرا جھٹکا دیا۔ دپتی نے پاکستانی ٹیم کی کپتان بسمہ معروف کو پویلین بھیجا۔ معروف نے 25 گیندوں پر 15 رن بنائے۔ پاکستان کی تیسری وکٹ عمائمہ سہیل کی صورت میں گری۔ اسنیہہ رانا نے عمائمہ کو پویلین بھیجا۔ اس کے بعد فاسٹ باؤلر جھولن گوسوامی نے سدرہ امین اور ندا ڈار کو آؤٹ کر کے پاکستان کی آدھی ٹیم کو پویلین بھیج دیا۔ سدرہ 30 جبکہ ندا چار اسکور کر سکیں۔ اس کے بعد پاکستانی ٹیم کی ایک کے بعد ایک وکٹ گرتی رہی اور پوری ٹیم 137 رن پر ڈھیر ہوگئی۔

بھارت کی جانب سے راجیشوری گائیکواڈ نے 4، جھولن گوسوامی نے 2، اسنیہہ رانا نے 2، دپتی شرما نے 1، میگھنا سنگھ نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے والی ہندوستانی ٹیم کی شروعات اچھی نہیں رہی۔ اوپنر شیفالی ورما صفر پر آؤٹ ہوئیں۔ انہیں ڈیانا بیگ نے بولڈ کیا۔ اس کے بعد دپتی شرما اور اسمرتی مندھانا نے اننگ کو آگے بڑھایا۔ احتیاط سے کھیلتے ہوئے دونوں نے دوسری وکٹ کے لیے 92 رن کی شراکت داری کی۔ اس دوران اسمرتی مندھانا نے ون ڈے میں اپنی 21ویں نصف سنچری مکمل کی۔ بھارت کو دوسرا جھٹکا 96 رن کے مجموعی سکور پرلگا۔  دپتی شرما 40 رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئیں۔ دپتی کو نشرا سندھو نے آؤٹ کیا۔ بھارت کی تیسری وکٹ اسمرتی مندھانا کی صورت میں گری۔ مندھانا 75 گیندوں میں 52 رن کی عمدہ اننگ کھیلنے کے بعد پویلین لوٹیں۔ یہاں پر اچھی شروعات کے بعد ہندوستانی اننگ کچھ لڑکھڑائی   اور ہندوستان کو چوتھا جھٹکا ہرمن پریت کور کی صورت میں 108 رن کے مجموعی اسکور پر لگا۔ اس کے بعد ریچا گھوش بھی پویلین لوٹ گئیں۔ بھارت کی چھٹی وکٹ 114 رن پر کپتان میتالی راج کی صورت میں گری۔ میتالی نو رن بنانے کے بعد آؤٹ ہو گئیں۔ اس دوران پوجا وستراکر اور اسنیہ رانا کی جوڑی نے مشکل میں پڑی ہندوستانی اننگ کو سنبھالا۔ دونوں نے 100 سے زیادہ کی پارٹنرشپ بنا کر ہندوستان کو اچھی پوزیشن میں پہنچا دیا۔ اس کے بعد بھارت کی ساتویں وکٹ 236 رن پر گری۔ پوجا وستراکر شاندار 67 رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئیں۔ اسنیہ رانا 53 اور جھولن گوسوامی چھ رن بنا کر ناٹ آؤٹ ہوئیں۔ اس طرح بھارت نے سات وکٹوں کے نقصان پر 244 رن بنائے۔

پاکستان کی جانب سے ندا ڈار اور نشرا سندھو نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ ڈیانا بیگ، انعم امین اور فاطمہ ثنا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

Recommended