Urdu News

خواتین ایشیا کپ:سری لنکا نے پاکستان کو 1رن سے ہرایا،فائنل میں بھارت سے ہوگا مقابلہ

سری لنکا نے پاکستان کو 1رن سے ہرایا

گیند بازوں کی شاندار کارکردگی کی بدولت سری لنکا نے آج کھیلے گئے دوسرے سیمی فائنل میں پاکستان کو 1 رن سے شکست دے کر خواتین ایشیا کپ کرکٹ کے فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔

123 رن کے ہدف کے تعاقب میں منیبہ علی اور سدرہ امین نے پاکستانی ٹیم کو تیز آغاز فراہم کیا اور 3 اوور میں پہلی وکٹ کے لئے 31 رن جوڑے۔ منیبہ چوتھے اوور میں رن آؤٹ ہو گئیں۔ انہوں نے 10 گیندوں میں تین چوکوں کی مدد سے 18 رن بنائے۔

تاہم اس کے امین بھی 47 کے مجموعی اسکور پر 9 رن بنانے کے بعد انوکا راناویرا کا شکار بن گئیں۔یہاں سے پاکستان کا رن ریٹ سست ہوگیا۔ اگرچہ کپتان بسمہ معروف اور ندا ڈار نے پاکستان کے لئے جدوجہد کی لیکن دونوں نے سست رفتاری سے بیٹنگ کی جس کا خمیازہ ٹیم کو بھگنتا پڑا۔

معروف نے 41 گیندوں پر 42 اور ندا ڈار نے 26 گیندوں پر 26 رن بنائے۔ پاکستان کی ٹیم 20 اوور میں 6 وکٹوں پر 121 رن ہی بنا سکی۔

خواتین ایشیا کپ کرکٹ کا فائنل میچ 15 اکتوبر کو کھیلا جائے گا جس میں سری لنکا کا مقابلہ چھ بار کے چیمپئن بھارت سے ہوگا۔

Recommended