وومین کرکٹ:ہندوستان نے انگلینڈ کو تیسرے ون ڈے میں 4 وکٹوں سے شکست دی
ورسیسٹر، 4 جولائی (انڈیا نیرٹیو)
کپتان میتھالی راج کی ناٹ آؤٹ نصف سنچری اسکور کی بدولت ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم نے تیسرے اور آخری ون ڈے میں انگلینڈ کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی۔ تاہم، اس فتح کے باوجود، ہندوستانی ٹیم سیریز 2-1 سے ہار گئی۔
پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے انگلینڈ کی ٹیم47 اوورز میں 219 رنز بناکر آؤٹ ہو گئی۔ جواب میں، ہندوستانی ٹیم نے میتھالی کے ناٹ آؤٹ 75 رنز کی بدولت 46.3 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 220 رنز بنائے۔
220 رنز کے ہدف کے تعاقب میں، ہندوستانی ٹیم کوشیفالی ورما اور اسمرتی مندھنا نے عمدہ شروعات دلائی۔ 9 ویں اوور میں شیفالی 46 کے کل اسکو رپر 19 رنز بناکر کیٹ کراس کا شکار بن گئیں۔ جمیمہ روڈریگز کچھ خاص نہیں کرسکیں اور صرف 4 رنز بناسکے اور ایکسلٹون کی گیند پر بولڈ ہوگئیں۔ اسمرتی مندھنا اپنی نصف سنچری صرف 1 رن سے گنوا بیٹھیں اور 81 کے مجموعی اسکور پر 49 رنز بنانے کے بعد سارہ گلنکی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئیں۔ اس کے بعد میتھالی نے ہرمنپریت کور (16)، دیپتی شرما (18) اور سنیہ رانا (24) کے ساتھ ٹیم کو ہدف تک پہنچایا۔ میتھالی نے 8 چوکوں کی مدد سے 86 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 75 رنز بنائے۔
انگلینڈ کی جانب سے صوفی ایکل اسٹون نے دو، کیٹ کراس، سارہ گلن، نٹالی سیکوراور ہیدر نائٹ نے 1-1 وکٹ حاصل کی۔اس میچ سے قبل،ہندوستانی ٹیم نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔ انگلینڈ کی ٹیم 47 اوورز میں 219 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ انگلینڈ کی جانب سے نٹالی سیکورنے 49، ہیدر نائٹ نے 46، ون فیلڈ ہیل نے 36 اور صوفیہ ڈنکلے نے 28 رنز بنائے۔