Urdu News

ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ :ہندوستان نے انگلینڈ کو سات وکٹوں سے شکست دے کر خطاب جیتا

ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ

گیند بازوں کی شاندار کارکردگی کی بدولت ہندوستانی ٹیم نے آئی سی سی انڈر 19 ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ کے پہلے ایڈیشن کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا ہے۔ ہندوستانی ٹیم نے ٹائٹل میچ میں انگلینڈ کو 7 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

اس میچ میں انگلش ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 17.1 اوورز میں صرف 68 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ جواب میں بھارت نے 14 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 69 رنز بنا کر کامیابی حاصل کی۔

68 رنوں کے ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم کی شروعات خراب رہی۔سلامی بلے باز کپتان شیفالی ورما تیسرے اوور میں ہینا بیکر کی گیند پر پویلین لوٹ گئیں۔ شیفالی نے 11 گیندوں میں 1 چوکے اور 1 چھکے کی مدد سے 15 رنز بنائے۔ اس کے بعد شویتا سہراوت بھی 20 کے مجموعی اسکور پر چوتھے اوور میں صرف 5 رنز بنا کر گریس سکریونز کا شکار بن گئیں۔ 13ویں اوور میں جب ہندوستانی ٹیم ہدف سے تین رن دور تھی ، اسٹون ہاؤس نے گونگاڈی تریشا کو آؤٹ کرکے ہندوستان کو تیسرا جھٹکا دیا۔ تریشا نے 29 گیندوں میں 3 چوکوں کی مدد سے 24 رنز بنائے۔

اس کے بعد سومیا تیواری اور ہرشیتا بسو نے مزید نقصان نہیں ہونے دیا اور ٹیم کو 7 وکٹوں سے جیت دلائی۔ سومیا نے 37 گیندوں پر تین چوکوں کی مدد سے 24 رنز بنائے اور ہرشیتا بغیر کھاتہ کھولے ناٹ آؤٹ رہیں۔

اس میچ میں ہندوستانی کپتان شیفالی ورما نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ انگلش بلے باز بھارتی گیند بازوں کے سامنے گھٹنے ٹیک دیئے اور پوری ٹیم 17.1 اوورز میں 68 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔ 6 بلے باز ڈبل ہندسہ بھی عبور نہ کر سکے۔

Recommended