Urdu News

اننت ناگ تصادم:لشکر طیبہ سے وابستہ تین مقامی جنگجو ہلاک

اننت ناگ تصادم:لشکر طیبہ سے وابستہ تین مقامی جنگجو ہلاک

اننت ناگ تصادم:لشکر طیبہ سے وابستہ تین مقامی جنگجو ہلاک

جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے کوکرناگ علاقے کے وائلو گاؤں میں منگل کی صبح جنگجوؤں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان شروع ہونے والے تصادم میں لشکر طیبہ سے وابستہ تین مقامی جنگجو ہلاک ہوئے ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ اننت ناگ پولیس کو منگل کی علی الصبح قریب چار بجے اطلاع موصول ہوئی کہ ککرناگ کے شیخ پورہ وائلو گاؤں میں ایک رہائشی مکان میں تین جنگجو چھپے ہوئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اطلاع موصول ہوتے ہی فوج کی 19 آر آر، سی آر پی ایف اور پولیس کی ایک مشترکہ ٹیم نے مذکورہ علاقے میں تلاشی آپریشن شروع کیا۔

موصوف ترجمان نے بتایا کہ تلاشی آپریشن کے دوران جب جنگجوؤں کی موجودگی کا پتہ چلا تو انہیں خود سپردگی اختیار کرنے کا موقع دیا گیا لیکن انہوں نے سرنڈر کرنے کے بجائے تلاشی ٹیم پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی جس کے نتیجے میں طرفین کے درمیان تصادم چھڑ گیا۔انہوں نے بتایا کہ تصادم کے دوران لشکر طیبہ سے وابستہ تین مقامی جنگجو ہلاک ہوئے اور ان کی تحویل سے اسلحہ و گولہ بارود بھی بر آمد کیا گیا۔

مہلوک جنگجوؤں کی شناخت الیاس احمد ڈار عرف سمیر ساکن دانوتھ پورہ ککر ناگ، عبید شفیع عرف عبداللہ ساکن بٹہ مالو سری نگر اور عقب احمد لون عرف ساحل ساکن کھانڈے پورہ کولگام کے بطور کی گئی۔بیان کے مطابق مہلوک جنگجوؤں کی تحویل سے ایک اے کے47 رائفل، دو پستول اور کچھ قابل اعتراض مواد بھی بر آمد کیا گیا۔

موصوف ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ تصادم میں پھنسے عام شہریوں کو محفوظ جگہ منتقل کرنے کے لئے آپریشن کو کچھ دیر کے لیے معطل بھی کیا گیا۔

دریں اثنا کشمیر زون پولیس کے انسپکٹر جنرل وجے کمار نے سیکورٹی فورسز کو یہ کامیاب آپریشن انجام دینے پر مبارک باد پیش کی ہے۔بیان کے مطابق مہلوک جنگجوؤں کی تجہز و تکفین طبی و قانونی لوازمات کی ادائیگی کے بعد ہی انجام دی جائے گی اور ان کی تجہیز و تکیفن میں اہلخانہ کو ہی شرکت کرنے کی اجازت دی جائے گی۔

Recommended