Urdu News

ڈوڈہ میں 18 سال سے زائد عمر کے لوگوں کے لیے کورنا مخالف ٹیکہ کاری کا عمل شروع

ڈوڈہ میں 18 سال سے زائد عمر کے لوگوں کے لیے کورنا مخالف ٹیکہ کاری کا عمل شروع

ڈوڈہ،16 جون(انڈیا نیرٹیو)

جموں و کشمیر کے پہاڑی ضلع ڈوڈہ میں آج انتظامیہ کی طرف سے ٹیکہ کاری مہم کے لیے نامزد کئے گئے چھ مقامات پر 18 سال سے زائد عمر کے لوگوں کے لیے ویکسینیشن کا عمل شروع ہوا ۔ضلع صدر مقام ڈوڈہ کے ویکسینیشن سنٹر بوائز ہائر سکینڈری اسکول میں صبح سے ہی لوگوں کی بھاری تعداد پائی گئی جس میں مرد و زن شامل تھے ۔اور ہر کوئی کورونا مخالف ویکسین حاصل کرنے کے لیے قطاروں میں کھڑا پایا گیا۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے چیف میڈیکل آفیسر ڈوڈہ ڈاکٹر محمد یعقوب میر نے بتایا کہ آج 18 سال سے زائد عمر کے لوگوں کے لیے ٹیکہ کاری کا پہلا دِن ہے اور لوگوں کی طرف سے اچھا رد عمل مل رہا ہے لوگ جوق در جوق ویکسین لگانے کے لئے آ رہے ہیں ۔ویکسین حاصل کرنے کے لئے پہلے ہی آن لائن اندراج کیا گیا ہے اُن لوگوں کو بہت آسانی سے یہ سہولیت مل رہی ہے ۔

محکمہ صحت کی طرف سے لوگوں کے لیے تمام سہولیات دستیاب رکھی گئی ہیں ۔اور اس کورونا مہاماری سے بچنے کے لیے جاری رہنما خطوط کی پاسداری کے لئے لوگوں سے بار بار اپیل کی جا رہی ہے ۔اُنہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ ویکسین حاصل کرنے کے لیے جلد از جلد اپنا اندراج کرائیں تاکہ وقت پر اُن کو ٹیکے لگائے جا سکیں ۔

آج ضلع بھر میں 781افراد کو کورونا مخالف ویکسین سے مستفید کیا گیا۔ 18 سال سے زائد عمر کے لوگوں کی فہرست میں شامل آرین نے ٹیکہ لگانے کے بعد بتایا کہ وہ بہت اچھا محسوس کر رہے ہیں اور وہ ایک شہری ہونے کا فرض نبھا رہے ہیں ۔اس وقت کورونا نے پورے ملک کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے ۔

اس لیے گورنمنٹ کی طرف سے جاری ہدایات پر عمل کرنا ہمارا فرض ہے ۔اُن نے سوشل میڈیا پر ویکسین کے حوالے سے جاری تاثرات پر اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا یہ من گھڑت باتیں ہیں موجودہ دور میں سائنس سے لوگ بخوبی واقف ہیں ۔اس لیے ایسی بے بنیاد باتوں پر عمل کرنا بے وقوفی ہے ویکسین سے کوئی جسمانی بیماری نہیں پھیلتی ہے بلکہ یہ بہت ساری بیماروں کا علاج ہے۔اُنہوں نے تمام نوجوانوں سے ویکسی نیشن عمل میں شرکت کرنے کی اپیل کی ہے ۔

Recommended