سری نگر،29جنوری( انڈیا نیرٹیو)
وادی کشمیر میں شدید سردی کا زور جاری رہنے کے بیچ دارالحکومت سری نگر سمیت وادی بھر میں رات کا درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے ریکارڈ کیا گیا ،جس کے نتیجے میں پانی کے نل بھی منجمد ہوگئے ۔
وادی کشمیر میں سردی کی شدت میں اضافہ ریکارڈ ہوا ہے یہاں تک کہ جمعہ کی صبح اطراف و اکناف میں گھروں کے اندرنلوں تک کو منجمد پایا گیا۔
حکام کے مطابق سری نگر میں گزشتہ رات کا کم سے کم درجہ حرارت منفی7.7ڈگری سیلشیس ریکارڈ کیا گیا، تاہم عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ درجہ حرارت اس سے کہیں کم تھا ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق قاضی کنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی10.8ڈگری ،گلمرگ میں منفی11.3ڈگری اورپہلگام میں منفی 12ڈگری سیلشیس ریکارڈ کیا گیا۔
وادی بھر سے موصولہ اطلاعات کے مطابق آبی ذخائر منجمد ہیں اور سڑکوں پر پھسلن کی وجہ سے چلنا پھرنا دشوار ہورہا ہے۔آج صبح لوگوں کو نلکوں کو ٹھیک کرنے والے میکنیکوں کو ڈھونڈتے دیکھا گیا ہے،
کیوں کہ ہزاروں کی تعداد میں نلکے منفی درجہ حرارت کی وجہ سے پھٹتے ہوئے پا ئے گئے ہیں ، جسکی وجہ سے پورے کشمیر میں پانی ہی پانی گھروں میں نطر آرہا ہے۔ لوگ منفی درجہ حرارت کی وجہ سے سخت پریشان نطر آرہے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ چالیس روزہ شدید سردی کے ایام یعنی ’چلہ کلان‘ اختتام ہونے والے ہیں لیکن سردی کی شدت میں کوئی کمی واقع نہیں ہورہی ہے۔