Urdu News

ڈوڈہ سڑک حادثہ میں پانچ افراد جاں بحق ،کمسن بچّی معجزاتی طور بچ نکلی

ڈوڈہ سڑک حادثہ میں پانچ افراد جاں بحق ،کمسن بچّی معجزاتی طور بچ نکلی


ڈوڈہ سڑک حادثہ میں پانچ افراد جاں بحق ،کمسن بچّی معجزاتی طور بچ نکلی

ڈوڈہ،16 فروری (انڈیا نیرٹیو)

خطہ چناب کے تینوں اضلاع بالخصوص ضلع ڈوڈہ میں سڑک حادثات میں انسانی جانوں کا نا تھمنے والا خونین رقص جاری ہے ۔پیر کے روز دیر شام ڈوڈہ میں اُس وقت ایک دلدوز سڑک حادثہ پیش آیا جب ایک نئی ایکو وین قومی شاہراہ پر رگی نالہ کے مقام پر حادثہ کا شکار ہو گئی جس کے نتیجہ میں کمسن بچّے سمیت چھ افراد جاں بحق ہوئے ہیں ۔

تفصیلات کے مطابق سڑک کا یہ حادثہ شام سات بجے ڈوڈہ صدر مقام سے 26 کلو میٹر دور بٹوت کشتواڑ قومی شاہراہ پر رگی نالہ کے مقام پر اُس وقت پیش آیا جب ایکو وین ڈوڈہ سے جموں کی طرف جا رہی تھی ۔جونہی گاڑی رگی نالہ کے مقام پر پہنچی تو سڑک سے اُلٹ کر پانچ سو فٹ گہری کھائی میں جاگری۔

 جس کے نتیجہ میں گاڑی میں سوار پانچ افراد جاں بحق جب کہ ایک کمسن بچّی جائے حادثہ سے معجزاتی طور بچ نکلی ۔حادثہ کی خبر پھیلتے ہی غیر سرکاری تنظیم الخیر کے رضاکاروں کے علاوہ مقامی لوگوں نے جائے حادثہ پر پہنچ کر بچاؤ کاروائی شروع کی اور زخمی لڑکے کو فوری طور علاج معالجہ کے لیے نزدیکی اسپتال عسّر منتقل کیا۔ جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسا ۔

حادثہ میں جاں بحق افراد کی شناخت بھاگ دیوی زوجہ گردھاری لال سکنہ جھٹیلی حال نگری ڈوڈہ، چندر ریکھا زوجہ اجیت سنگھ سکنہ نگری، ایشن ولد اجیت سنگھ، راکیش کمار ولد داتا رام سکنہ غنیکہ بھاگواہ، ڈرائیور اجیت سنگھ ولد دھیان سنگھ سکنہ بجارنی ڈوڈہ کے طور ہوئی ہے ۔جب کہ حادثہ میں تین سالہ بچّی معجزاتی طور بچ نکلی ۔

 واضح رہے کہ ضلع میں بیشتر سڑک حادثات میں ایکو گاڑی ہی پائی جا رہی ہے اور ایک سال کے اندر درجنوں ایکو وین حادثات کا شکار ہوئی ہیں جس میں درجنوں افراد ہلاک ہوئے ہیں ۔

لیکن اس کے باوجود ڈوڈہ میں متعلقہ حکام سڑک حادثات کو روکنے میں مکمل طور ناکام ہو رہے ہیں۔اور مزید ایکو گاڑی کو مسافروں کے لیے پرمٹ دیا جا رہا ہے۔

Recommended