Urdu News

معیاری تعلیم ملک کی تعمیر وترقی کے لیے ضروری عمل :منوج سنہا

@manojsinha_

لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے جموں وکشمیرمیں اسکولی تعلیم میں مثالی تبدیلیاں لانے کی وکالت کرتے ہوئے بدھ کے روزکہا کہ معیاری تعلیم کی فراہمی کے لیے مختلف سطحوں پر اساتذہ کی تعلیمی اصلاحات کمیٹی تشکیل دی جائے۔ انہوں نے معیاری تعلیم کوملک کی تعمیروترقی کے لیے عمل انگیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت اسکولی تعلیم کے نظام میں مساوات اورصنفی فرق کوختم کرنے کے لیے جامع اقدامات روبہ عمل لارہی ہے۔

لیفٹنٹ گورنر نے طلبہ میں سائنسی مزاج کو فروغ دینے کے لیے ایک لائحہ عمل مرتب کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر کی خواندگی کی شرح کو بہتر بنانے کے لیے ہر سطح پر مساوات اور شمولیت کو یقینی بنایا جائے گا۔ سول سکریٹریٹ سری نگر میں لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا کی صدارت میں محکمہ اسکولی تعلیم میں بہتری لانے کے لیے ایک جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں تمام متعلقہ حکام موجودتھے۔ انہوں نے کہا کہ اسکولوں کے تعلیمی نظام کوبہتر بنانے کے لیے ایک خصوصی ٹاسک فورس تشکیل دیاجائے، جس میں ایسے اساتذہ کوبطورممبران کے شامل کیاجائے، جن کی کارکردگی مثالی اوراعلیٰ رہی ہوگی۔

منوج سنہا کا کہنا تھا کہ حکومت اسکولوں کی تعلیم میں سماجی اور صنفی فرق کو مضبوط بنا رہی ہے، جس سے جموں و کشمیرمیں خواندگی کی شرح کو بہتر بنانے کیلئے ہر سطح پر مساوات اور شمولیت کو یقینی بنایا جائے گا۔ جموں و کشمیر میں اسکول ایجوکیشن ماحولیاتی نظام میں معیاری تعلیم کوفروغ دینے کیساتھ درکار تبدیلیاں لانے اور طلبہ میں سائنسی مزاج کو فروغ دینے کے لیے اساتذہ کی تعلیمی اصلاحات کمیٹی تشکیل دینے پرزوردیا۔

انہوں نے محکمہ اسکول ایجوکیشن سے کہا کہ وہ اعلی کارکردگی کامظاہرہ کرنے والے اساتذہ کی نشاندہی کریں جو اس خصوصی ٹاسک فورس کے ممبر کی حیثیت سے کام کریں گے۔ لیفٹنٹ گورنر نے کہا کہ اس نئے اقدام سے اساتذہ کے مابین بااختیاری اورمثبت مقابلے کا احساس پیدا ہوگا۔ ساتھ ہی اساتذہ میں طلاب کے تئیں اْن کی ذمہ داریوں اورفرائض کے جذبے کوبھی تقویت ملے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ کمیٹی اساتذہ کے ساتھ ساتھ طلبا میں سیکولر اور جمہوری اقدار کو مدغم کرنے کی سمت بھی رکھے گی۔ معیاری تعلیم کو ملک و قوم کی تعمیرو ترقی کے لیے عمل انگیزقرار دیتے ہوئے، لیفٹیننٹ گورنر نے نئی تعلیمی اصلاحات کرنے کی اہمیت پر زور دیا تاکہ کوئی بھی تعلیم سے محروم نہ رہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم بڑے مقصد یعنی ’سب کے لئے تعلیم‘حاصل کرنے کیلئے تعلیم کے شعبے میں اصلاحی بہتری لانے کے لیے کام کر رہے ہیں۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ حکومت جموں و کشمیر کی خواندگی کی شرح کو بہتر بنانے کے لیے ہر سطح پر مساوات اور شمولیت کو یقینی بنانے کے علاوہ اسکول ایجوکیشن میں سماجی اور صنفی فرق کو ختم کرنے کے لیے جامع اقدامات کررہی ہے۔

انہوں نے حکام سے کہا کہ وہ بچوں کیلئے وزیر اعظم کی دیکھ بھال اسکیم’ایس اے ایس سی ایم‘ کے تحت فوائد کو یقینی بنائیں،اورساتھ ہی کووڈ وبائی مرض کی وجہ سے متاثرہ ہر بچے تک پہنچیں۔ اساتذہ کی استعداد کار کی تعمیر پر زور دیتے ہوئے، لیفٹیننٹ گورنر نیاساتذہ کی تربیت کو باقاعدہ بنانے کے لیے محکمہ اسکول ایجوکیشن سے کہا کہ وہ جدید تعلیمی آلات کے بارے میں جاننے کے ساتھ ساتھ تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے اور سیکھنے کے نتائج میں اضافہ کرنے کے نئے طریقے بھی اپنائیں۔

لیفٹیننٹ گورنر نے قابلیت پر مبنی تعلیم پر خاص توجہ دینے پر زور دیا تاکہ طلبا ان تصورات کی بہتر تفہیم پیدا کرسکیں جن کو حقیقی صورت حال میں لاگو کیا جاسکے۔اس اہم اجلاس کے دوران لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے قومی تعلیمی پالیسی 2020 کی اہم خصوصیات پرعمل درآمدکے بارے میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی۔انہوں نے محکمہ اسکولی تعلیم کو ہدایت دی کہ ڈیجیٹل اور مالی خواندگی کے اجزاکو اسکول کے تعلیمی نصاب میں شامل کیا جائے۔

Recommended