Urdu News

کشمیر میں برف کی چادر بچھ گئی، آمدورفت متاثر، درجہ حرارت میں بہتری

Snow cover in Kashmir, transportation affected, temperature improved

سری نگر،یکم فروری( انڈیا نیرٹیو)

چلہ کلان کی رُخصتی کے ایک روز بعد اور20دنوں پرمحیط چلہ خوردکے پہلے روزیعنی پیر کی صبح جب موسم گرما کے دارالحکومت سری نگر اورشمالی کشمیر میں لوگ نیند سے اُٹھے تو باہربرف کی ایک مہین چادر بچھ گئی تھی جس سے درجہ حرارت میں قدرے بہتری پائی گئی،تاہم شاہراہوں اورسڑکوں پر برف کی تہہ چپک جانے کی وجہ سے پھسلن پیدا ہونے سے آمدورفت متاثر ہوئی۔

کشمیرمیں مطلع ابر آلود رہنے سےدرجہ حرارت میں بہتری واقع ہونے سے لوگوں کو ٹھٹھرتی سردی سے قدر راحت نصیب ہوئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق موسم گرما دارلحکومت سری نگر میں اتواراورسوموار کی درمیانی رات کم سے کم درجہ حرارت منفی3.1 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا جہاں گزشتہ شب رواں سیزن کی سرد ترین رات درج ہوئی تھی،اور کم سے کم درجہ حرارت منفی8.8 ڈگری سیلسیس ریکارڈ ہوا تھا ج،جو کہ سال 1991میں درج ہوئے کم سے کم درجہ حرارت منفی 9.0سے صرف 0.2 سیلسیس بہتر تھا۔

بتادیں کہ قبل ازیں سری نگر میں رواں سیزن کے دوران 14 جنوری کو سرد ترین رات درج ہوئی تھی جب کم سے کم درجہ حرارت منفی 8.4 ڈگری ریکارڈ ہوا تھا اور سردیوں کا 25 سالہ پرانا ریکارڈ ٹوٹ گیا تھا۔شمالی کشمیر میں واقع مشہور سیاحتی مقام گلمرگ میں اتواراورسوموار کی درمیانی کم سے کم درجہ حرارت منفی 8.2 ڈگری جب کہ جنوبی کشمیر میں واقع ایک اورمشہور سیاحتی مقام پہلگام میں اتواراورسوموار کی درمیانی کم سے کم درجہ حرارت منفی 6.1 ڈگری ریکارڈ ہوا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی۲۔۹ڈگری ، قاضی گنڈ میں منفی 7.6 ڈگری  ، کوکر ناگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی9.5 ڈگری  ،کونی بل میں منفی 6،سری نگرائرپورٹ علاقہ میں منفی4.5،اونتی پورہ میں منفی7.2، اننت ناگ میں منفی 8.2،بانڈی پورہ میں منفی 2.6،سوپور میں منفی 3.7،بڈگام میں منفی 3.4،شوپیان میں منفی 6.3،پلوامہ میں منفی 5اورکولگا م میں منفی 7.8ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔

ادھروادی میں جاری سردیوں سے آبی ذخائر اور گھروں میں نصب نل اور پانی کی ٹنکیوں میں پانی کے جم جانے کا سلسلہ بھی جاری ہے،جس وجہ سے پینے کے پانی نے بحرانی صورت حال اختیار کی ہے اور لوگوں، خاص کر خواتین کا پانی کی تلاش میں گھروں سے ٹھٹھرتی سردی میں نکلنا اب ایک معمول بن گیا ہے۔محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق وادی میں 3 فروری کو ہلکے سے درمیانی درجے کی برفباری ہوسکتی ہے۔ تاہم اس کے بعد موسم میں ایک بار پھر بہتری واقع ہونے کی امید ہے۔

Recommended