سری نگر، 26مارچ( انڈیا نیرٹیو)
انسپکٹر جنرل آف پولیس کشمیر رینج وجے کمار نے بتایا کہ لاوے پورہ سری نگر حملہ ، جس میں کل سی آر پی ایف کے دو جوان شہید اور دو دیگر زخمی ہوگئے ،کو حل کرتے ہوئے پولیس نے دو (او جی ڈبلیو) کو گرفتار کرلیا ہے۔ اس کارروائی میں ملوث لشکر طیبہ دہشت پسند کی بھی شناخت کی گئی ہے۔ آئی جی پی نے بتایا کہ حملے میں استعمال ہونے والی گاڑی بھی قبضے میں لے لی گئی ہے۔
آر ٹی سی ہمہامہ میں سی آر پی ایف کے دو شہید جوانوں کی تعزیتی پھول چڑھائی کی تقریب کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے آئی جی پی نے بتایا کہ سری نگر پولیس اور بانڈی پورہ پولیس نے حملے کے فوراً بعد انتھک محنت کی اور لاو پورہ حملے میں حصہ لینے والے تین افراد کی شناخت کی۔ان کا کہناتھا دو او جی ڈبلیو جن کی مظفر احمد میر اور جاوید احمد شیخ کے ناموں سے شناخت کی گئی تھی ، نے لشکر کے ایک دہشت پسند ندیم ابرار بھٹ عرف ابو برار جو نار بل بڈگام کا رہائشی ہے ،کو لاجسٹک مدد فراہم کی۔ آئی جی پی نے بتایا کہ ندیم او جی ڈبلیو مظفر کا قریبی رشتہ دار ہے۔
انہوں نے بتایا کہ تینوں نے24 مارچ کو علاقے کا جائزہ لیا تھا جس کے بعد انہوں نے جمعرات کی سہ پہر کو ہدف کا انتخاب کیا۔آئی جی پی نے بتایا مصدقہ اطلاع ملتے ہی پولیس نے پہلے جاوید شیخ کو ماروتی کار زیر نمبرHR10Q-6583 سمیت گرفتار کیا جس میں کچھ خالی کارتوس بھی برآمد ہوئے ہیں۔ ان کا کہناتھا اس سے پوچھ گچھ کے بعد ہم نے مظفر کو بھی گرفتار کرلیا۔ آئی جی پی نے بتایا کہ دو ٹھکانوں پر چھاپے مارے گئے ۔ لیکن مظفر اور جاوید کی گرفتاری کا پتہ چلنے کے بعد لشکر طیبہ کے دہشت گرد ندیم اور دو غیر ملکی دہشت پسند فرار ہوگئے ۔انہوں نے کہا کہ گرفتار دونوں او جی ڈبلیو نے جرم کا اعتراف کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس مصدقہ اطلاعات کی بنیاد پر کام کر رہی ہے اور بہت جلد باقی حملہ آور جن میں دو دہشت پسند ندیم اور دو غیر ملکی بھی شامل ہیں ،یا تو انہیں گرفتار کرلیا جائے گا یا انکاؤنٹر میں ہلاک کردیا جائے گا۔
سری نگر اور اس کے مضافات میں دہشت پسندوں کے حملوں میں اضافے کے بارے میں پوچھے جانے پر ، کشمیر پولیس کے چیف نے کہا کہ شہر کے مضافات میں قومی شاہراہ پر دہشت پسندوں کی نقل و حرکت جاری ہے کیونکہ یہ شاہراہ سری نگر کو کشمیر کے باقی اضلاع سے جوڑتی ہے۔ آئی جی پی کمار نے کہا ہم دیکھیں گے کہ آیا اس میں کوئی سیکیورٹی خامی ہے، اور ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ دوبارہ اس طرح کے حملوں کو روکا جائے گا۔ سری نگر اور مضافاتی علاقوں میں بینک ڈکیتی کے واقعات میں اضافے کے بارے میں انہوں نے کہا کہ پچھلے12 دنوں میں تین واقعات رونما ہوئے ہیں اور ایک شخص کو گرفتار کیا گیا ہے۔ جب کہ مزید گرفتاریاں متوقع ہیں،ہم جلد ہی پریس کے سامنے تفصیلات شیئر کریں گے۔
28 جون سے شروع ہونے والی امرناتھ یاترا پر لاوے پورہ جیسے حملے سے کوئی اثر پڑے گا ؟، اس بارے میں کشمیر پولیس چیف نے کہا کہ یاترا شروع ہونے سے قبل کل کے حملے میں ملوث افراد کو ہلاک کردیا جائے گا۔اس موقع پر آئی جی سی آر پی ایف سرینگر سیکٹر چارو سنہا نے لاوے پورہ واقعے کا ذکر کرتے ہوئے کہا’اس طرح کے واقعات افسوسناک ہیں اور یہ شیطان کا کام ہوتا ہے ۔چارو سنہا نے کہا کہ میں نے کشمیری عوام پر چھوڑ دیا ہے کہ وہ امن ، ہم آہنگی اور تشدد کے درمیان انتخاب کریں۔