Urdu News

جموں و کشمیر میں بی جے پی لیڈران پر کیوں ہورہے ہیں مسلسل حملے؟

جموں و کشمیر میں بی جے پی لیڈران پر کیوں ہورہے ہیں مسلسل حملے؟

راجوری میں بی جے پی لیڈر کے گھر پر مبینہ گرینید حملہ، بھتیجا ہلاک سات دیگر زخمی

جموں، 13 اگست

جموں و کشمیر کے ضلع راجوری میں بی جے پی کے ایک لیڈر کے گھر کے اندر جمعرات کی شام دیر گئے ہونے والے ایک مبینہ گرینیڈ حملے میں موصوف کا قریب تین سالہ بھتیجا ہلاک جبکہ خود سمیت سات دیگر افراد خانہ زخمی ہو گئے۔

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ راجوری میں کانڈلی پل کے نزدیک رہائش پذیر بی جے پی لیڈر جسبیر سنگھ کے گھر کے اندر جمعرات کی شام دیر گئے مبینہ طور پر ایک گرینیڈ حملہ کیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ اس مبینہ گرینیڈ حملے کی وجہ سے جسبیر سنگھ سمیت آٹھ افراد خانہ زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر گورنمنٹ میڈیکل کالج و ہسپتال راجوری منتقل کیا گیا۔

ان کا مزید کہنا تھا: 'زخمیوں میں سے جسبیر سنگھ کا قریب تین سالہ بھتیجا ویر سنگھ ولد بلبیر سنگھ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا'۔پولیس ذرائع کے مطابق گزشتہ شام دیر گئے کچھ نامعلوم افراد نے بی جے پی لیڈر جسبیر سنگھ کے مکان کے اندر گرینیڈ حملہ کیا جس کے نتیجے میں مذکورہ لیڈر سمیت سات افراد خانہ زخمی ہو گئے جن میں سے ان کا تین سالہ بھتیجا زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ گیا۔

انہوں نے کہا کہ گرینیڈ حملے میں شدید زخمی ہونے والے بی جے پی لیڈر کی سرجری کی گئی جب کہ ان کی سات ماہ کی بیٹی کو گورنمنٹ میڈیکل کالج و ہسپتال جموں منتقل کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ باقی زخمی افراد خانہ کا ضلع ہسپتال راجوری میں علاج چل رہا ہے۔

جسبییر کے بھائی بلبیر سنگھ نے میڈیا کو بتایا کہ ہم شام کو سارا کنبہ بیٹھے ہوئے تھے کہ کسی نے گرینیڈ پھینکا اس کے بعد کیا ہوا معلوم نہیں۔

Recommended