Urdu News

علامہ اقبال کی زندگی پر شائع کتابیں تقسیم کر منایا گیا عالمی یومِ اردو

علامہ اقبال کی زندگی پر شائع کتابیں تقسیم کر منایا گیا عالمی یومِ اردو

دنیا میں مذہبی مقامات کے بعد سب سے مقدس جگہ اسکول اور لائبریریاں ہوتی ہیں: مرزا عبدالقیوم ندوی

9نومبر ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کی یومِ پیدائش پر عالمی یومِ اردو کے طور پر منایا جاتا ہے۔اسی مناسبت سے آج اورنگ آباد میں انجمن اہل قلم،ریڈ اینڈ لیڈ فاؤنڈیشن،مکتب فیض رحمان اور کفیل ایجوکیشنل سوسائٹی کی جانب سے رحمانیہ کالونی میں واقع اورنگ آباد میونسپل کارپوریشن کے احاطہ میں عالمی یومِ اردو منایا گیا..بچوں میں علامہ اقبال کی زندگی پر شائع کتابیں تقسیم کی گئیں، جن میں تعلیمی انقلاب کا خصوصی شمارہ، ماہنامہ بچوں کی دنیا شامل ہیں۔

انجمن اہل قلم کی روح رواں فردوس فاطمہ رمضانی نے پروگرام کے اغراض و مقاصد بیان کرنے کے بعد مہمانوں کا تعارف کراتے ہوئے بچوں کو علامہ اقبال کی شاعری و زندگی اور کارناموں پر تفصیلی معلومات دیتے ہوئے کہا کہ ہر بچہ کو اقبال کی وہ نظمیں جو انہوں نے بچوں کے لیے لکھی ہیں ضرور یاد کرنا چاہیے..پروگرام میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے موجود ریڈ اینڈ لیڈ فاؤنڈیشن کے صدر مرزا عبدالقیوم ندوی نے کثیر تعداد میں میں موجود بچوں کو علامہ اقبال کی شاعری اور ان کے زندگی کے دلچسپ واقعات کو بیان کرتے ہوئے علامہ اقبال کے منتخب اشعار اور نظموں کے بارے میں بتایا اور شہر میں جاری مریم مرزا کی تحریک محلہ محلہ لائبریری کا تعارف کراتے ہوئے کہا کہ وہ جلد ہی ان کے اسکول یا محلہ میں لائبریری شروع کی جائے گی۔ برہانی پرائمری اسکول کے صدر مدرس مہمان ڈاکٹر ابرار انصاری نے بچوں سے بڑے دلچسپ و دلنشیں انداز میں خطاب کرتے ہوئے علامہ اقبال کے متعلق بنیادی معلومات دیتے ہوئے کہا کہ بچے اپنے آپ کو کو مطالعہ کا شوقین بنائیں اور عظیم شخصیات کے بچپن کے واقعات کو پڑھیں، کتابوں سے دوستی کریں انسان کا بہترین دوست و ساتھی کتاب ہی ہے۔مشہور سماجی جہدکار رمضانی خان نے مرزاعبدالقیوم ندوی کی سرپرستی میں جاری محلہ محلہ لائبریری تحریک کی ستائش کرتے ہوئے ان کے اس اقدام کو ملک و ملت کے نونہالوں کی تعمیر و تشکیل میں سنگ میل کی حیثیت قرار دیتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا اور اپنا ہر ممکن تعاون کا تیقن دیا۔پروگرام میں مہمانان خصوصی میں مولانا حافظ سلیم، حافظ قیصر، پٹھان آفرین موجود تھے۔ اس موقع پر سنئیر صحافی اور نیوز 18 کے نمائندے شیخ اظہرالدین کا گلدستہ دے کر استقبال کیا گیا۔پروگرام کو کامیاب بنانے میں شیخ اظہر (ریسرچ اسکالر) کنیز فاطمہ، نازیہ آفرین، رعنا تبسم نے محنت کی. نظامت کے فرائض شہباز زرین نے بحسن خوبی انجام دئیے اور فردوس فاطمہ کے شکریہ پر پروگرام کا اختتام عمل میں آیا۔

Recommended