Categories: اردو

اردو محض ایک زبان نہیں،ہماری مشترکہ وراثت ،اردو کے فروغ کے لیے قومی اردو کونسل کی کارکردگی قابلِ اطمینان: سنجے دھوترے

نئی تعلیمی پالیسی میں اردو زبان کے فروغ کو خاص اہمیت دی گئی ہے
اردو محض ایک زبان نہیں،ہماری مشترکہ وراثت ،اردو کے فروغ کے لیے قومی اردو کونسل کی کارکردگی قابلِ اطمینان: سنجے دھوترے
قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان کی گورننگ کونسل کا25 واں سالانہ اجلاس منعقد کیا گیا جس کی صدارت وزیرِ مملکت برائے تعلیم عالی جناب سنجے دھوترے جی نے کی۔ اپنے صدارتی خطاب میں کونسل اور ڈائریکٹر کی کارکردگی کے تئیں اظہار اطمینان کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اردو ہمارے لیے محض ایک زبان نہیں بلکہ ہماری مشترکہ وراثت ہے،ہمیں اردو زبان کو ملک کے تمام شہریوں تک پہنچانا چاہیے اور خاص طورپر جدید ٹکنالوجی کو اس زبان کے فروغ و ترقی کے لیے استعمال کرنا چاہیے۔ وزیر اعظم شری نریندر مودی ہندوستان کی دیگر زبانوں کے ساتھ اردو زبان کی ترقی اور فروغ کے حوالے سے بھی سنجیدہ ہیں اور یہی وجہ ہے کہ حکومت کی طرف سے جو نئی تعلیمی پالیسی تیار کی گئی ہے اس میں اردو زبان وادب کے فروغ کا خاص خیال رکھا گیا ہے، کیونکہ اردو ہندوستان کی ایک ایسی زبان ہے جس کے الفاظ کم و بیش اس ملک کی ہر زبان میں پائے جاتے ہیں اور خود اردو میں بھی ہندوستان کی مختلف زبانوں کے الفاظ پائے جاتے ہیں۔اس پالیسی کے تحت آئین کے آٹھویں شیڈول میں درج اردو سمیت سبھی زبانوں کے فروغ پر توجہ دی جائے گی اور اس مقصد سے اکیڈمیوں کا قیام کیا جائے گا، ساتھ ہی ان کی ترویج و ترقی کے سلسلے میں مرکزی حکومت کی جانب سے خصوصی اقدامات کیے جائیں گے۔انھوں نے کہا کہ نئی نسل کے درمیان اردو زبان کو عام کرنے کی خاص ضرورت ہے۔ کچھ ایسا انتظام کیا جانا چاہیے کہ جو لوگ اردو رسم الخط اور اردو الفاظ سے ناواقف ہیں ان کے لیے بھی اردو الفاظ کے معنی و مفہوم کو سمجھنا ممکن ہوسکے۔ انھوں نے خاص اس مقصد سے ایک کارگر میکانزم تشکیل دینے پر زور دیا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اردو زبان کو شہروں کے ساتھ گاؤں گاؤں تک لے جانے کی ضرورت ہے اور ہندوستان کے کچھ ایسے گاؤں کی نشاندہی کی جانی چاہیے جہاں کونسل کی جانب سے اردو کے دلکش پروگراموں کا انعقاد کیا جائے اور وہاں کے اردو جاننے والے لوگوں کی ہمت افزائی کرکے ان کے اندر اردولکھنے پڑھنے کے تئیں مزید شوق و ذوق پیدا کیا جائے۔انھوں نے یہ بھی کہاکہ اردو کے فروغ کے لیے وزارتِ تعلیم کو نئی تجاویز پیش کی جائیں تاکہ اردو کے فروغ میں تیزی لانے کے ساتھ اس کے لیے نئے وسائل بھی اختیار کیے جاسکیں۔
کونسل کے وائس چیئر مین پروفیسر شاہد اختر نے اظہار تشکر کی رسم ادا کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے تعلیم عالی جناب سنجے دھوترے صاحب کے صدارتی کلمات کے دوران پیش کی گئی تجاویز کا خیرمقدم کیا اورکہا کہ کونسل کے فعال ڈائرکٹر ڈاکٹرعقیل احمدان تمام تجاویز کو عملی جامہ پہنائیں گے۔ انھوں نے وزیر اعظم عالی جناب نریندر مودی کے تئیں بھی اظہار تشکر کیا کہ انہی کے دور حکومت میں کونسل کا بجٹ دوگونا سے بھی زیادہ ہوگیا اوربلاشبہ موجودہ حکومت اردو کے فروغ کے تئیں کافی سنجیدہ ہے۔
کونسل کے ڈائرکٹر ڈاکٹر عقیل احمد نے کونسل کا ایجنڈہ پیش کرنے سے پہلے وزیر مملکت برائے تعلیم جناب سنجے دھوترے جی ، لوک سبھا ایم پی شری جگدمبیکا پال، ہنس راج ہنس اور راجیہ سبھا ایم پی جناب مجیب اللہ صاحب اور تمام ممبران کا خیر مقدم کیا۔ ڈائرکٹر ڈاکٹر عقیل احمد کے ذریعے میٹنگ میں پیش کردہ تمام ایجنڈے اتفاق رائے سے پاس کیے گئے۔ اس موقعے پر ڈاکٹر عقیل احمدنے تمام ممبران سے درخواست کی کہ اردو کے فروغ کے لیے نئی تجاویز اور مشورے کونسل کو لکھ کر بھیجیں تاکہ گورننگ باڈی میں منظوری کے لیے پیش کیا جاسکے۔
وزارت برائے تعلیم کے جوائنٹ سکریٹری جناب سنجے سنہا نے وائس چیئرمین پروفیسر شاہد اختر، ڈائرکٹر ڈاکٹر عقیل احمد اور دیگر ممبران کا مختصر تعارف پیش کرتے ہوئے وزارت تعلیم کی طرف سے تمام ممبران کا خیرمقدم کیا۔
گورننگ کونسل کے ممبران میں راجیہ سبھا ایم پی جناب مجیب اللہ نے اپنی ریاست اوڈیشہ میں اردو زبان کو عام کرنے پرزور دیا جبکہ ڈاکٹر زاہد تما پوری نے ہر ریاست میں اردو اکیڈمی کے قیام کی تجویز پیش کی۔.

آئی این بیورو

Recent Posts

رجنی کانت کی فلم ’جیلر‘ پر شائقین کا ردعمل

رجنی کانت کی ’جیلر‘ جمعرات کو ریلیز ہوئی۔ فلم کو پہلے دن سینما گھروں میں…

1 year ago

کشمیر میں’میری ماٹی، میرا دیش‘مہم کے تحت متعدد تقریبات منعقد

مضمون نگار: زبیر قریشی میری ماٹی، میرا دیش مہم نے وسطی کشمیر کے گاندربل ضلع…

1 year ago

یُگ پریورتن: جموں و کشمیر کا تبدیلی کا سفر

جموں و کشمیر کی یونین ٹیریٹری میں تنظیم نو کے بعد ہونے والی اہم تبدیلیوں…

1 year ago

بھارت کے نقشے کی تصویر کا قالین بُننے والا کشمیری قالین باف محمد مقبول ڈار سے ملیں

شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ سے تعلق رکھنا والا محمد مقبول ڈار نامی قالین…

1 year ago

زعفران کی آسمان چھوتی قیمت کشمیر کے کسانوں کے چہروں پر لے آئی مسکراہٹ

زعفران کی جی آئی ٹیگنگ کے بعد، کسانوں نے اس کی پیداوار میں اضافہ کیا…

1 year ago

لال چوک پر تجدید شدہ کلاک ٹاور سری نگر کے قلب میں لندن کی جھلک کررہا ہے پیش

سری نگر میں، لال چوک پر نئے تجدید شدہ تاریخی کلاک ٹاور ایک خوشگوار حیرت…

1 year ago