<h3 style="text-align: center;">دہلی میں لگاتار دوسرے دن کورونا کے پانچ ہزار سے زیادہ کیسز</h3>
<p style="text-align: right;">نئی دہلی،30اکتوبر(انڈیا نیرٹیو)</p>
<p style="text-align: right;">قومی دارالحکومت دہلی میں جمعرات کو کورونا وائرس کے اب تک کے سب سے زیادہ ریکارڈ 5,739 نئے کیسز کے سامنے آنے کے بعد کورونا متاثرین کی تعداد بڑھ کر 3.75 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے اور تشویش کی بات یہ ہے کہ اس دوران نئے کیسز کے مقابلے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد میں کمی درج کی گئی ہے جس کی وجہ سے فعال کیسز میں اضافہ ہوا ہے۔قومی راجدھانی دہلی میں کورونا کے ریکارڈ کیسز کی آج ہیٹرک بھی مکمل ہوئی۔ قبل ازیں بدھ کے روز 5,673 نئے کیسز سامنے آئے جب کہ منگل کے روز ریکارڈ 4,853 کیسز درج کیے گئے تھے۔</p>
<p style="text-align: right;">دہلی کی وزارت صحت کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق راجدھانی میں متاثرین کی تعداد 3,75,753 ہوگئی۔ وہیں اس دوران ریکارڈ مزید 4,138 مریضوں کے صحتیاب ہونے کے بعد اب تک کل 3,38,378 افراد کورونا وائرس کو شکست دے چکے ہیں۔ اسی کے ساتھ ہی کورونا مریضوں کے صحت یاب ہونے کی شرح جزوی طور پر کمی کے ساتھ 90.05 فیصد رہ گئی جو بدھ کے روز 90.33 فیصد تھی۔اسی دوران کورونا وائرس سے مزید 27 مریضوں کی موت ہونے سے اس وبا کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 6,423 ہو گئی ہے۔تشویش کی بات یہ ہے کہ نئے کیسز کے مقابلے صحت یاب افراد کی تعداد کم ہونے سے فعال کیسز میں اضافہ ہو گیا ہے۔ قومی راجدھانی میں کورونا کے فعال کیسز کی تعداد 1574 مزید بڑھ کر آج 30,952 پہنچ گئی جو بدھ کے روز 29,378 تھی۔</p>.