دہلی میں ختم ہو رہا ہے کورونا کا قہر، سرگرم معاملوں میں ڈیڑھ ہزار کی کمی

Corona's wrath is ending in Delhi

نئی دہلی،15دسمبر(انڈیا نیرٹیو)

دارالحکومت دہلی میں کورونا وائرس (کووڈ 19) کے معاملے اب بہت تیزی کے ساتھ کم ہوتے جارہے ہیں اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران فعال معاملات کی تعداد میں ڈیڑھ ہزار سے زیادہ کی کمی واقع ہوئی ہے، اب ان کی تعداد کم ہوکر 15 ہزار ہوگئی ہے صحت مند ہونے والے لوگوں کی تعداد میں اضافے کی وجہ سے، فعال معاملات میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

پیر کے روز فعال معاملات مزید 1538 کم ہوکر 15247 ہوگئے۔ دہلی کے محکمہ صحت کی جانب سے آج جاری بلیٹن کے مطابق، اس دوران دہلی میں 1376 نئے کیس سامنے آنے کے

بعد متاثرہ افراد کی کل تعداد بڑھ کر 608830 ہوگئی ہے، جب کہ 2854 مریضوں کے صحت مند ہونے سے سرگرم معاملوں میں کمی آئی ہے اور کورونا سے نجات پانے والوں کی تعداد بڑھ کر 583509 ہوگئی۔

اس کے ساتھ ہی کورونا ری کوری کی شرح 96 فیصد کے قریب یعنی 95.84 فیصد ہوگئی ہے۔اس دوران، 60 سے زیادہ مریضوں کی اموات کے ساتھ تعداد اموات 10074 ہوگئی ہے۔

دارالحکومت میں اموات کی شرح محض1.65 فیصد رہ گئی ہے۔ اموات کے معاملے میں دہلی چوتھے مقام پر آگئی ہے۔راجدھانی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 63944 نمونوں کی جانچ کی گئی۔

اس کے ساتھ ہی اب تک کی جانچ کی تعداد 72.86 لاکھ سے زیادہ ہوچکی ہے۔ ہر دس لاکھ پر جانچ کی اوسط 383518 ہے۔دریں اثنا کنٹیمنٹ زون کی تعداد میں کمی بھی راحت کا ایک سبب رہی ہے۔ اب ایسے علاقوں کی تعداد 6433 ہوگئی ہے جو ایک وقت ساڑھے چھ ہزارسے زیادہ تھی۔