پشاور، 29 نومبر (انڈیا نیرٹیو)
شمال مغربی پاکستان میں پیر کے روز سیکورٹی فورسز کے ساتھ ایک تصادممیں ٹی ٹی پی کمانڈر سمیت 11دہشت گرد مارے گئے۔ سیکورٹی ذرائع نے یہ اطلاع دی۔
ذرائع نے بتایا کہ صوبہ خیبر پختونخواہ کے قبائلی ضلع جنوبی وزیرستان کی سرحد سے متصل ضلع لکی مروت میں تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے دہشت گردوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان ہونے والے ایک تصادم میں ٹی ٹی پی کمانڈر ٹیپو اور 10 دیگر دہشت گرد مارے گئے۔
ذرائع نے بتایا کہ شدید تصادم میں کچھ سیکورٹی فورسز کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے، لیکن تادم تحریر اس کی تصدیق نہیں ہوسکی۔ افغان سرحد سے آنے والے ٹی ٹی پی کے جنگجوؤں کا سیکورٹی فورسز نے محاصرہ کر لیا جس کے بعد فائرنگ کا تبادلہ شروع ہو گیا۔ مبینہ طور پر دہشت گرد امریکی نائٹ ویژن ڈیوائسز (این وی ڈی) آلات اور بھاری ہتھیاروں سے پوری طرح لیس تھے۔
آزاد اطلاعات کے مطابق پاکستان بھر میں شریعت کی حکمرانی کا مطالبہ کرنے والی ٹی ٹی پی نے حکومت پاکستان کے ساتھ جنگ بندی کے معاہدے کو ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ٹی ٹی پی نے ایک بیان میں کہا کہ اس نے یہ قدم مختلف علاقوں میں مجاہدین (دہشت گردوں) کے خلاف جاری فوجی آپریشن کی وجہ سے اٹھایا ہے۔