Urdu News

پاکستان کے معروف ٹی وی میزبان ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کا مشتبہ حالت میں انتقال

پاکستان کے معروف ٹی وی میزبان ڈاکٹر عامر لیاقت حسین

پاکستان کے معروف ٹی وی اینکر اور پاکستانی  اسمبلی  کے رکن ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کا آج مشتبہ حالت میں انتقال ہو گیا۔پاکستانی ذرائع کے مطابق   معروف ٹی وی میزبان اور رکن   اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت حسین انتقال کرگئے، وہ اپنے گھر میں مردہ پائے گئے۔

اطلاعات کے مطابق عامر لیاقت حسین کے کمرے کا دروازہ بند تھا جسے گھر کے ملازمین کافی دیر سے کھٹکھٹا رہے تھے، بعدازاں دروازہ زبردستی کھولا گیا تو عامر لیاقت حسین مردہ حالت میں پائے گئے۔ انہیں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کے انتقال کی تصدیق ہوگئی۔پولیس وجوہات کا تعین کرنے کے لیے ان کی لاش کا پوسٹ مارٹم کرائے گی، فی الحال ان کا گھر سیل کرکے شواہد جمع کیے جا رہے ہیں۔

ڈاکٹروں نے کہا ہے کہ انہیں مردہ حالت میں اسپتال لایا گیا، موت کے آدھے گھنٹے بعد انہیں اسپتال منتقل کیا گیا۔ عامر لیاقت کے ملازم کا بیان ہے کہ انہیں رات سے ہی سینے میں تکلیف تھی، ہم نے رات کو ہی انہیں اسپتال لے جانے کا کہا مگر انہوں نے منع کر دیا تھا، کمرے میں انہیں مردہ حالت میں پایا تو شور مچایا جس پر اہل محلہ جمع ہوگئے جن کی مدد سے عامر لیاقت کو اسپتال منتقل کیا۔

معروف ٹی وی اینکر  کے انتقال پر پاکستان کے اہم سیاسی شخصیات نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔

Recommended