Urdu News

صدر جمہوریہ جناب رام ناتھ کووند کا ، سینٹ ونسنٹ اور گریناڈائنز میں ہندوستانی برادری سے خطاب

ہندوستان کے معزز صدر جمہوریہ جناب رام ناتھ کووند

 

 
 

مجھے آج سینٹ ونسنٹ اور گریناڈائنز میں آپ سے مل کر خوشی ہوئی ہے ۔ میں اپنے ساتھ ہندوستان سے آپ کے بھائیوں اور بہنوں کی طرف سے مبارکباد لے کر آیا ہوں۔ جب سے میں آپ کے خوبصورت ملک میں پہنچا ہوں، میرے وفد کا اور میرا زبردست گرمجوشی  اور خلوص سے استقبال کیا گیا  ہے اور آپ نے ہمیں واقعی خاص  ہونے کا احساس دلایا ہے ۔ میں واقعی آپ کی مہمان نوازی کا شکر گزار ہوں۔

دوستو،

گزشتہ 42 برسوں  میں، سینٹ ونسنٹ اور گریناڈائنز کے لوگوں نے ایک جمہوری، کثیر اور کثیر  نسلی معاشرہ تشکیل دیا ہے جو امید پرستی اور ترقی سے بھرپور ہے۔ اس چھوٹے لیکن متحرک ملک کی معاشی کامیابیاں قابل تعریف ہیں۔ دور اندیش رہنماؤں کی نسلوں کی دانشمندانہ رہنمائی میں، سینٹ ونسنٹ اور گریناڈائنز کے لوگوں نے اس جزیرے کی قوم کو کیریبین میں امن اور خوشحالی کی ایک متاثر کن مثال میں تبدیل کر دیا ہے ۔

مجھے یہ جان کر خوشی ہوئی کہ یہاں رہنے والے ہندوستانی برادری  کے ارکان نے اس سرزمین کو اپنا بنا لیا ہے۔ وہ دوسری کمیونٹیز کے ساتھ امن اور ہم آہنگی کے ساتھ رہتے ہیں اور ایس وی جی کی ترقی میں بھرپور تعاون دے رہے ہیں۔ ان کے مثبت نقطہ نظر کے نتیجے میں، ہندوستانی باشندے ایس وی جی  میں احترام اور خلوص   کا  پیام دیتے ہیں۔ سینٹ ونسنٹ میں یکم جون کو انڈین ارائول  ڈے اور 7 اکتوبر کو انڈین ہیریٹیج ڈے کے طور پر  منانے  کا اعلان اس اہمیت کی نشاندہی کرتا ہے جو اس  ملک کی ہندوستان سے وابستگی  کو ظاہر کرتا ہے۔ درحقیقت یہ میرے اور ہندوستانی برادری کے لیے ایک قابل فخر لمحہ ہوگا جب میں جلد ہی کالڈر روڈ کا نام بدل کر ’انڈیا ڈرائیو‘کرنے والے نشان کی نقاب کشائی کروں گا۔

سینٹ ونسنٹ اور گریناڈائنز کے ساتھ ہماری ترقیاتی شراکت داری عالمگیر بھائی چارے کے جذبے پر مبنی ہے۔ ہم یہاں اپنے بھائیوں اور بہنوں کی بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کے ساتھ جو لوگوں کی فلاح و بہبود کو اہمیت دیتے ہیں، ایک مضبوط سینٹ ونسنٹ اور گریناڈائنز کی تعمیر میں  مدد کرنا چاہتے ہیں۔  میں آپ سب سے نئے ہندوستان، اس کی بے پناہ توانائی اور تیز اقتصادی ترقی کے ساتھ جڑنے کی بھی درخواست کروں گا۔

خواتین و حضرات،

میں ایک بار پھر ہندوستانی  نژاد  اور سینٹ ونسنٹ اور گریناڈائنز میں رہنے والے ہندوستانیوں کے لئے اپنے دل  کی گہرائیوں سے  تعریف کرتا ہوں ۔ آپ ہندوستان کے بھرپور تنوع، ثقافتی ورثے اور روایات کی عکاسی کرتے ہیں۔ ہمیں آپ پر اور آپ کی کامیابیوں پر فخر ہے۔

میں آپ کے اور آپ کے خاندان کے افراد کے لیے بہت ہی روشن مستقبل، خوشحالی، امن اور صحت کی خواہش کرتا ہوں۔ ہم اپنے بھارتی نژاد  بھائیوں اور بہنوں کا آپ کے اپنے ملک، یعنی ہندوستان میں خیرمقدم کرنے کے منتظر ہیں۔

شکریہ،

جے ہند!

Recommended