کابل، 22 جون (انڈیا نیرٹیو)
افغانستان کے مشرقی حصے پکتیکا میں آنے والے طاقتور زلزلے میں 250 سے زائد افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 6.1 ریکارڈ کی گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ زلزلے کے جھٹکے پاکستان میں بھی محسوس کیے گئے۔
عینی شاہدین کے مطابق پورے علاقے میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔ مقامی میڈیااطلاعات کے مطابق اس زلزلے میں اب تک کم از کم 255 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 6.1 ریکارڈ کی گئی۔
افغانستان کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ حکام نے ابتدائی معلومات کی بنیاد پر کہا ہے کہ اس زلزلے سے زیادہ تر تباہی پکتیکا میں ہوئی ہے۔ طالبان کی انتظامیہ کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے سربراہ محمد نسیم حقانی کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں امدادی اور بچاو کی کارروائیاں جنگی بنیادوں پر شروع کر دی گئی ہیں۔
ڈیزاسٹر مینجمنٹ حکام کے مطابق مرنے والوں کی تعداد بڑھ سکتی ہے۔ اس کے علاوہ تقریباً 150 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کا مرکز افغانستان کے شہر خوست سے 44 کلومیٹر دور اور زیر زمین 51 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔
ٹیلو نیوز نے مقامی حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ زلزلے میں بڑی تعداد میں مکانات تباہ ہو گئے ہیں۔ ملبے میں پھنسے لوگوں کو نکالا جا رہا ہے۔
اس سے قبل منگل کے روز پاکستان میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔ یہاں دوپہر 2 بجکر 24 منٹ پر 6.1 شدت کا زلزلہ آیا۔ راحت کی بات ہے کہ پاکستان میں کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔ اس کے علاوہ رات گئے ملیشیا میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ یہاں زلزلے کی شدت 5.1 تھی۔