کابل،14اکتوبر (انڈیا نیرٹیو)
افغانستان کے صوبے کنڑ میں بم دھماکے میں شگل ضلع کا پولیس چیف ہلاک ہوگیا جب کہ 11 زخمی ہوگئے۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق دھماکہ کنڑ کے دارالحکومت اسد آباد میں ہوا، دھماکے میں ضلع شگل کے پولیس چیف کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔طالبان عہدیدار نے خبرایجنسی سے گفتگو میں دھماکے کے نتیجے میں ضلع شگل کے پولیس چیف کے ہلاک اور 11 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔دوسری جانب کنڑسینٹرل اسپتال کے ڈاکٹر کا کہناہے کہ دھماکے کے 11 زخمی اسپتال لائے گئے ہیں جن میں سے 4طالبان اراکین، 7 شہری شامل ہیں۔واضح رہے کہ کنڑ دھماکے کی ذمہ داری تاحال کسی گروپ نے قبول نہیں کی ہے۔
افغانستان کی صورت حال آسان نہیں: پوتن
روسی صدر پوتن کا کہنا ہے کہ افغانستان کی صورت حال آسان نہیں ہے، افغانستان میں امریکی مداخلت کے افسوسناک نتائج نکلے ہیں، امریکی مداخلت نے خطے اور دنیا بھر میں دہشت گردی میں اضافہ کیا ہے، عراق اور شام سے عسکریت پسند افغانستان آرہے ہیں۔خبر ایجنسی کے مطابق روسی صدر پوتن نے گزشتہ روز ماسکو میں انرجی فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ نے افغان عوام کی روایات، ثقافت اور تاریخ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے افغانستان میں مداخلت کی جس کے افسوسناک نتائج نکلے۔
روسی صدر نے سابق سوویت ریاستوں کی سیکیورٹی سروس کے سربراہوں کے ساتھ ویڈیو کانفرنس میں کہا کہ افغانستان کی صورت حال آسان نہیں ہے، عراق اور شام سے عسکری کارروائیوں کا تجربہ رکھنے والے شدت پسندوں کو فعال طور پر وہاں بھیجا جا رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ ممکن ہے کہ دہشت گرد پڑوسی ریاستوں میں صورت حال کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کریں اور وہ ’براہ راست پھیلاؤ‘ کی بھی کوشش کریں۔واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے افغانستان کے لیے روس کے سفیر ضمیر کابلوف نے کہا تھا کہ روس 20 اکتوبر کو افغانستان پر ہونے والے بین الاقوامی مذاکرات کے لیے طالبان کو ماسکو مدعو کرے گا۔