Urdu News

افغانستان: کابل کے رہائشی موسم سرما کے قریب آتے ہی بجلی بحران کا شکار

کابل کے رہائشی موسم سرما کے قریب آتے ہی بجلی بحران کا شکار

 کابل ، 16؍ نومبر

موسم سرما کے قریب آنے سے پہلے، کابل کے رہائشیوں نے بجلی کی قلت پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔  انہیںروزانہ صرف سات سے آٹھ گھنٹے بجلی  ملتی ہے۔خامہ پریس نے رپورٹ کیا کہ کابل کے رہائشیوں نے کہا کہ وہ بدحال زندگی گزار رہے ہیں کیونکہ ملک میں حکام بجلی کی مسلسل بندش پر توجہ نہیں دیتے۔ کابل کے ایک رہائشی بصیر احمد نے کہا کہ ہمیں بجلی کی کمی کی وجہ سے کافی پریشانی کا سامنا ہے۔

کابل کے ایک اور رہائشی محمد قربان نے کہا، “میں حکام اور وزارت توانائی اور پانی سے مطالبہ کرتا ہوں کہ اگر ممکن ہو تو بجلی کے مسئلے کو حل کرنے پر توجہ دیں۔” تاہم، حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ قلت کو دور کرنے کے لیے موسم سرما میں ازبکستان سے درآمد کی جانے والی بجلی کا حجم بڑھ جائے گا کیونکہ افغان نجی شعبہ بھی ملک میں بجلی کی قلت کا شکار ہے۔

 افغانستان اپنی بجلی کا تقریباً 80 فیصد پڑوسی ممالک خصوصاً وسطی ایشیائی ممالک سے درآمد کرتا ہے۔ جنوری کے اوائل میں، ازبکستان نے افغانستان کو بجلی کی درآمد میں کمی کر دی تھی، جس کی وجہ سے کئی افغان صوبوں میں بجلی کی فراہمی میں خلل پڑا تھا۔

طلوع نیوز کے مطابق، دارالحکومت کابل کے کچھ رہائشیوں نے متعلقہ حکام پر زور دیا کہ وہ درآمدی بجلی پر انحصار کرنا چھوڑ دیں اور ملک کے اندر ڈیموں کی تعمیر شروع کریں۔ افغانستان میں معاشی بدحالی کے درمیان، صنعتی کارخانوں نے شکایت کی کہ بجلی کی کمی نے ان کے کام کو متاثر کیا ہے۔

  افغانستان اپنی بجلی کی ضروریات کے لیے زیادہ تر وسطی ایشیائی ممالک پر انحصار کرتا ہے اور سخت سردیوں کے دوران ٹرانسمیشن لائنوں میں تکنیکی مسائل افغانوں کی پریشانیوں میں اضافہ کر رہے ہیں۔

Recommended